کیرالہ کی ایک 84 سالہ خاتون کو کووڈ ویکسین کی دونوں خوراکیں 30 منٹ میں وقفے میں دے دی گئیں

نئی دہلی، ستمبر 18: کیرالہ کی ایک 84 سالہ خاتون کو 30 منٹ کے وقفے میں کووڈ ویکسین کی دو خوراکیں دے دی گئیں۔

یہ واقعہ ارناکولم ضلع کے الوا کے سرکاری ہسپتال سے رپورٹ کیا گیا۔

تھنڈما پپو نے، جو اپنے بیٹے کے ساتھ ویکسینیشن کے لیے گئی تھیں، کہا ’’مجھے پہلی خوراک دی گئی اور میں کمرے سے واپس آئی اور جب میں باہر تھی تو میں نے اپنے بیٹے سے کہا کہ میں اپنے جوتے بھول گئی ہوں۔ اس لیے جب میں واپس اپنے جوتے لینے لوٹی، تو ایک خاتون اہلکار آئی اور مجھ سے کہا کہ جوتے چھوڑ کر اندر چلو۔‘‘

پپو نے کہا ’’اس نے میری بات سننے کی بھی پرواہ نہیں کی اور وہ مجھے اندر لے گئی اور مجھے کرسی پر بیٹھنے کو کہا اور جیسے ہی میں بیٹھی، ایک اور خاتون آئی اور مجھے دوسرا شاٹ دیا۔‘‘

بعد میں جب اس نے ایک ساتھ دو خوراکیں لینے کے بارے میں بتایا تو اسے ایک کمرے میں ایک گھنٹے تک بیٹھنے کو کہا گیا۔

جب ڈاکٹروں کو پتہ چلا کہ سب ٹھیک ہے تو اسے گھر واپس جانے کی اجازت دی گئی۔

اس نے کہا کہ اس واقعے کے بعد صحت کے عہدیداروں نے اسے چند بار فون کیا کہ وہ کیسی ہیں اور اس نے انھیں بتایا کہ وہ بالکل ٹھیک ہیں۔

کچھ مہینے پہلے اسی طرح کا ایک واقعہ ضلع الپوزہ میں بھی پیش آیا تھا۔