’بھارت جوڑو یاترا ‘کی اختتامی تقریب میں21 جماعتوں کودعوت
ترنمول کانگریس، سماج وادی پارٹی اور ٹی ڈی پی سمیت نو جماعتوں کو شرکت سے معذرت ،بھارت جوڑو یاترا 7 ستمبر 2022کو ملک کے جنوبی سرے سے شروع ہوئی اور تقریباً 145 دنوں میں 3,970 کلومیٹر، 12 ریاستوں اور دو مرکز کے زیر انتظام علاقوں کو طے کرنے کے بعد کل سری نگر میں اختتام پذیر ہوگی
نئی دہلی،29جنوری :۔
۔7ستمبر2022 کو کنیا کماری سے شروع ہوئی راہل گاندھی کی قیادت میں بھارت جوڑو یاترا اب کشمیر میں اپنے اختتام کو پہنچ رہی ہے۔اختتامی تقریب کا انعقادم کشمیر میں قومی پرچم کشائی کے ساتھ کیا جائے گا ۔ اس سلسلے میں تمام تیاریاں مکمل ہو چکی ہے ۔این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پیر 30 جنوری کو منعقد ہو رہی اختتامی تقریب میں 12 ہم خیال اپوزیشن پارٹیاں شرکت کریں گی۔ تقریب میں21 سیاسی جماعتوں کو مدعو کیا گیا تھا تاہم بعض جماعتیں سیکورٹی وجوہات کی بناء پر شرکت نہیں کر رہی ہیں۔ ترنمول کانگریس، سماج وادی پارٹی اور ٹی ڈی پی سمیت نو پارٹیاں ان جماعتوں میں شامل ہیں جو تقریب میں شرکت نہیں کریں گی۔
ایم کے اسٹالن کی قیادت والی دراوڑ منیترا کشگم (ڈی ایم کے)، شرد پوار کی نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی)، تیجسوی یادو کی قیادت والی راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی)، نتیش کمار کی جنتا دل (یونائٹیڈ)، ادھو ٹھاکرے کی شیو سینا، سی پی آئی (ایم)، سی پی آئی۔ویدو تھلائی چیرو تھائیگل کاچی (وی سی کے) ، کیرالہ کانگریس، فاروق عبداللہ کی زیر قیادت نیشنل کانفرنس، محبوبہ مفتی کی پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی اور شیبو سورین کی جھارکھنڈ مکتی مورچہ(جے ایم ایم) سری نگر میں ہونے والی تقریب میں شرکت کریں گی۔
واضح رہے کہ بھارت جوڑو یاتراکا آغاز 7 ستمبر2022 کو ملک کے جنوبی سرے کنیا کماری سے شروع ہوئی اور تقریباً 145 دنوں میں 3,970 کلومیٹر، 12 ریاستوں اور دو مرکز کے زیر انتظام علاقوں کو طے کرنے کے بعد کل سری نگر میں اختتام پذیر ہوگی۔قابل ذکر ہے کہ گزشتہ روز جموں میں یاترا کے پہنچنے کے بعد سیکورٹی کو لے کر کوتاہی کے الزامات عائد کئے گئے تھے جس کے بعد کانگریس کے صدر کھڑگے نے وزیر داخلہ کو خط لکھ کر سیکورٹی کی مناسب فراہمی کا مطالبہ کیا تھا۔