یہ کوویڈ-19سے لڑنے کا وقت ہے، بہار انتخابات کا نہیں، پرشانت کشور نے نتیش کمار پر سادھا نشانہ
پٹنہ، جولائی 11: انتخابی حکمت عملی کے ماہر پرشات کشور نے آج بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ وقت انتخابات کا نہیں ہے، بلکہ کورونا وائرس سے لڑنے کا ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ انھیں اسمبلی انتخابات کرانے کے لیے ’’جلدی‘‘ میں لوگوں کی جان کو خطرے میں نہیں ڈالنا چاہیے۔
پرشانت کشور نے ٹویٹ کر کہا ’’بہار میں کورونا وائرس کی صورت حال اسی طرح خراب ہورہی ہے، جیسے ملک کی دیگر بہت سی ریاستوں میں۔ لیکن سرکاری مشینری اور وسائل کا ایک بڑا حصہ اسمبلی انتخابات کی تیاریوں میں مصروف ہے۔ نتیش کمار جی! اب یہ انتخابات لڑنے کا وقت نہیں ہے، بلکہ کورونا وائرس سے لڑنے کا ہے۔ انتخابات کروانے کی جلدی میں لوگوں کی جانوں کو خطرے میں نہ ڈالیں۔‘‘
پرشانت کشور، جو پارٹی سے نکالے جانے اور تنقید کا نشانہ بنانے سے پہلے ایک وقت جے ڈی (یو) کے سربراہ نتیش کمار کے حامی تھے، اب ایل جے پی کے سربراہ چراغ پاسوان اور آر جے ڈی کے تیجسوی یادو جیسے ان رہنماؤں میں شامل ہیں، جن کی تجویز ہے کہ بہار اسمبلی انتخابات کو ملتوی کیا جانا چاہیے۔
واضح رہے کہ بہار میں اکتوبر میں انتخابات ہونے ہیں، لیکن الیکشن کمیشن نے اب تک اپنے شیڈول کے بارے میں کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا ہے۔
بی جے پی اور جے ڈی (یو) تنظیمی اجلاس کرتے رہے ہیں اور انھوں نے کہا ہے کہ وہ انتخابات کے لیے تیار ہیں۔