یو پی حکومت کی بس کا انتظار کرتی ہوئی ایک 6 سالہ بچی کی ٹرک کی زد میں آ کر موت

مین پوری، مئی 20: مغربی اتر پردیش کے مین پوری ضلع میں منگل کی صبح ایک چھ سالہ بچی کی ایک تیز رفتار ٹرک کی زد میں آنے کے بعد موت ہوگئی، جب وہ اور اس کے والدین سڑک کے کنارے ریاستی حکومت کے ذریعے بندوبست کی گئی بس کا انتظار کر رہے تھے تاکہ وہ ضلع سیتا پور میں اپنے گاؤں جا سکیں۔

این ڈی ٹی وی کی خبر کے مطبق بچی کے والدین ہریانہ میں کام کرتے تھے۔ پیر کے روز یہ خاندان ہریانہ میں ایک ٹرک پر سوار ہوا تھا، جس سے امید تھی کہ وہ انھیں اترپردیش میں ان کے گاؤں کے قریب اتارے گا۔

اطلاعات کے مطابق جب منگل کی صبح ٹرک یوپی کے مین پوری ضلع جا رہا تھا تو پولیس اہلکاروں نے اسے ایک سرحدی چیک پوسٹ پر روک لیا اور اہل خانہ سے کہا گیا کہ وہ ٹرک سے اتریں۔ اس کے بعد پولیس اہلکاروں نے اہل خانہ سے وعدہ کیا کہ وہ سڑک کے کنارے انتظار کریں، ان کے لیے جلد ہی ایک سرکاری بس کا انتظام کیا جائے گا۔

جب یہ خاندان ٹرک سے اتر کر سڑک کے کنارے جا رہا تھا تو پتھر لے جانے والے ایک اور ٹرک نے پیچھے سے چھ سالہ پرینکا کو ٹکر ماری۔ ٹرک تیز رفتار سے چل رہا تھا اور بچی کو نشانہ بنانے کے بعد یہ چند میٹر آگے پولیس رکاوٹ سے ٹکرا گیا۔

پرینکا کے والد شیو کمار نے مقامی صحافیوں کو بتایا ’’میں ہریانہ میں دوسرے لوگوں کے کھیتوں میں کام کرتا تھا۔ ہم صرف گھر جانے کی کوشش کر رہے تھے۔ اس لاک ڈاؤن نے واقعی ہماری زندگیوں کو متاثر کیا، لہذا ہم گھر جانے کے لیے بے چین تھے۔‘‘

واضح رہے کہ ملک کے دوسرے علاقوں سے بھی تارکین وطن مزدوروں کے ساتھ ایسے متعدد حادثات کی اطلاعات ہیں۔