یو اے پی اے کے جواز کے معاملے میں عمر خالد کی عرضی پر سپریم کورٹ نے مرکز کو جاری کیا نوٹس
نئی دہلی،یکم نومبر :۔
سپریم کورٹ نے جے این یو کے طلباء رہنما عمر خالد کی طرف سے یو اے پی اے کے جواز کو چیلنج کرنے والی عرضی پر مرکز کو نوٹس جاری کر دیا ۔ اس عرضی میں سخت غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام ایکٹ (یو اے پی اے) کی دفعات کو چیلنج کیا گیا ہے۔
جسٹس انیرودھ بوس اور بیلا ایم ترویدی کی بنچ نے خالد کی طرف سے دائر درخواست پر مرکز اور دیگر سے جواب طلب کیا، جو دہلی فسادات سے متعلق مبینہ سازش کے کیس میں انسداد دہشت گردی قانون کے تحت سلاخوں کے پیچھے ہیں۔ بنچ نے کہا کہ وہ 22 نومبر کو یو اے پی اے کی آئینی حیثیت کو چیلنج کرنے والی درخواستوں کے ساتھ خالد کی طرف سے داخل کی گئی ضمانت کی عرضی پر بھی سماعت کرے گی۔
خالد نے گزشتہ سال ضمانت مسترد کرنے کے دہلی ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں اسپیشل لیو پٹیشن دائر کی ہے۔ سپریم کورٹ نے پچھلی سماعت میں جے این یو کے سابق تحقیق کے طالب علم کی طرف سے آئین کے آرٹیکل 32 کے تحت دائر رٹ پٹیشن کو یو اے پی اے کو چیلنج کرنے والی دیگر موجودہ عرضیوں کے ساتھ ٹیگ کیا تھا۔
واضح رہے کہ عمر خالد پر فروری 2020 میں دہلی فسادات کی ایک بڑی سازش میں ملوث ہونے کا الزام تھا۔ وہ اس معاملے میں تین سال سے زیادہ عرصے سے جیل میں ہیں اس دوران انہیں ضمانت بھی نہیں دی گئی ہے۔