یوپی میں شہریت کے قانون کے خلاف مظاہروں کے دوران 11 افراد ہلاک ، 3000 افراد زیرِ حراست
نئی دہلی، دسمبر 21— اترپردیش میں متنازعہ شہریت (ترمیمی) قانون کے خلاف ریاستی سطح پر وسیع احتجاج کے دوران کم از کم 11 افراد کی موت ہوگئی۔ دو جمعرات کو اور نو جمعہ کو ہلاک ہوئے۔ متعدد اضلاع میں احتجاج پرتشدد ہوگئے تھے، جس کے نتیجے میں پولیس نے لاٹھی چارج اور آنسوؤں کے گولے استعمال کیے۔ اس کے علاوہ پچھلے دو دنوں میں 3،000 سے زیادہ افراد کو ریاست بھر میں حراست میں لیا گیا ہے۔
اتر پردیش کے ڈائریکٹر جنرل پولیس او پی سنگھ نے ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے دعوی کیا ہے کہ مظاہرین میں سے کوئی بھی پولیس کی فائرنگ سے ہلاک نہیں ہوا ہے۔ انھوں نے کہا ’’ہم نے ایک گولی بھی نہیں چلائی۔‘‘
ریاستی پولیس کی فراہم کردہ معلومات کے مطابق بجنور میں دو مظاہرین ہلاک ہوئے جبکہ سنبھل، فیروز آباد، میرٹھ اور کان پور میں ایک ایک ہلاکت۔ پولیس نے بتایا کہ جھڑپوں میں 50 سے زیادہ پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے۔
متنازعہ قانون کے خلاف مظاہروں کے نتیجے میں کانپور، فیروز آباد کے لال گنج علاقے، بجنور کے نیا بازار کے علاقے، بلندشہر، ہاپوڑ، مظفر نگر، بہرائچ اور گورکھپور میں بڑے پیمانے پر تشدد ہوا۔
اس سے قبل جمعہ کے روز تشدد میں پانچ افراد کے ہلاک ہونے کی خبر تھی۔ جمعرات کے روز بھی لکھنؤ میں غیرمعمولی مظاہرے میں فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک ہوگیا تھا۔
ڈی جی پی نے بتایا کہ ان ہلاکتوں کی وجوہات کی جانچ کی جائے گی کیوں کہ پولیس کی فائرنگ سے لوگ ہلاک نہیں ہوئے۔
اس دوران صورت حال کے پیش نظر اتوار کو ہونے والے یوپی ٹی ای ٹی (اساتذہ اہلیت ٹیسٹ) کا امتحان ملتوی کردیا گیا ہے۔ تقریبا 16 لاکھ افراد اس امتحان میں شامل ہونے والے تھے۔
تشدد کے دیگر واقعات میں مظاہرین نے پولیس پر پتھراؤ کیا ، موٹرسائیکلوں اور کاروں کو نذر آتش کیا اور ہردوئی اور فرخ آباد میں پولیس چوکیوں کو توڑ ڈالا۔ جواب میں پولیس نے آنسو گیس کے شیل فائر کیے اور مظاہرین پر لاٹھی چارج کیا۔ دیوبند میں اگرچہ احتجاج نسبتا غیر متشدد تھے۔
وزیر مملکت برائے توانائی اور حکومت کے ترجمان شریکانت شرما نے ریاست کے عوام سے امن برقرار رکھنے کی اپیل کی۔
ریاست بھر میں سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔ پولیس نے نامعلوم افراد کے خلاف 19 ایف آئی آر درج کی ہیں، جن میں جمعرات کے احتجاج کے دوران ہونے والے تشدد کے سلسلے میں سنبھل ضلع میں سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے رہنما شفیق الرحمن برق سمیت 17 افراد کا نام ’’نامزد‘‘ ہے۔
پولیس حکام نے جمعہ کے روز بتایا کہ لکھنؤ میں 350 اور ریاست بھر میں اب تک کم از کم 3،000 افراد کو حالیہ ترمیم شدہ شہریت قانون کے خلاف تشدد کے سلسلے میں گرفتار کیا گیا ہے۔
پولیس نے مزید بتایا کہ دارالحکومت سمیت 15 اضلاع میں انٹرنیٹ سروس بند کردی گئی ہے، یہاں تک کہ کچھ وقت کے لیے ڈائریکٹ ٹو ہوم (ڈی ٹی ایچ) خدمات بھی ختم کردی گئیں۔
واضح رہے کہ اتوار کے بعد سے پورے اترپردیش میں ہلچل اسی طرح کے احتجاج کا ایک حصہ ہے جس نے ملک بھر کے شہروں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔ دہلی، گجرات، پٹنہ، بنگلورو، ممبئی، بھوپال، ترواننت پورم اور چنئی سمیت متعدد شہروں میں مظاہرے کیے جارہے ہیں۔