یونیفارم سول کوڈ:عیسائیوں اور قبائلیوں کو یو سی سی سے باہر رکھنے کا مرکز نے کیا وعدہ
ناگالینڈ کے وزیر اعلیٰ نیفیو ریو کی قیادت میں 12 رکنی ناگا وفد کی وزیر داخلہ امت شاہ سے ملاقات کے بعد دعویٰ
نئی دہلی،08جولائی:۔
جب سے مرکزی حکومت کی جانب سے لا کمیشن نے یونیفارم سول کوڈ کے سلسلے میں نوٹیفکیشن جاری کیا ہے مسلمانوں سمیت ملک کے تمام خطوں میں بے چینی کا ماحول نظر آ رہا ہے ۔مسلمانوں،سکھوں اور عیسائیوں کے علاوہ قبائلیوں کی جانب سے اس کی مخالفت کی جا رہی ہے ۔دریں اثنا ناگا لینڈ میں یو سی سی کے خلاف زبر دست عدم اطمینان کا ماحول ہے ۔ناگا قبائلیوں اور عیسائیوں کے درمیان اس بے چینی کو دیکھتے ہوئے ناگالینڈ کے وزیر اعلیٰ نیفیو ریو نے ایک ناگا وفد کے ساتھ وزیر داخلہ امت شاہ سے ملاقات کی اور اس سلسلے میں اپنے موقف سے باخبر کیا۔ملاقات کے بعد ناگا وفد نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیر داخلہ امت شاہ نے ان سے وعدہ کیا ہے کہ ناگا قبائلیوں اور عیسائیوں کو یو سی سی سے الگ رکھا جائے گا۔
انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق ناگا رہنماؤ کے وفد نے کہا کہ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے انہیں یقین دہانی کرائی ہے کہ لا کمیشن کے مجوزہ یونیفار م سول کوڈ (یو سی سی ) قانون سے عیسائی برادی اور دیگر کچھ قبائلیوں کو باہر رکھنے پر غور کر رہا ہے ۔ناگالینڈ کے وزیر اعلیٰ نیفیو ریو کی قیادت میں 12 رکنی ناگا وفد نے گزشتہ دنوں بدھ کو ملاقات کی اور یو سی سی کے نفاذ اور بھارت ناگا امن سمجھوتہ میں ترقی کی کمی سمیت ریاست کے متعدد مسائل پر گفتگو کی۔
ناگا لینڈ میں بر سر اقتدار نیشنلسٹ ڈیمو کریٹک پروگریسیو پارٹی(این ڈی پی پی ) کے صلاح کار کے جی کینے نے کہا کہ ہم نے وزیر داخلہ کو دفعہ 371(اے) سے آگاہ کیا جو ناگا لینڈ پر لاگو ہے ور جولائی1960 میں ناگا قبائلیوں اور حکومت ہند کے درمیان دستخط شدہ 16 نکات پر مبنی معاہدہ ہے ۔اس معاہدے کے مطابق ہم اپنی مذہبی اور ثقافتی روایات میں جس آزادی کا استعمال کرتے ہیں اسے پارلیمنٹ کے ذریعہ پیش کسی بھی مرکزی قانون کے ذریعہ پابند نہیں کیا جا سکتا ہے ۔صرف اگر ایسا قانون ریاستی اسمبلی کے ذریعہ ایک تجویز کے طور پر پیش کیا جاتا ہے تو یہ ناگالینڈ ریاست پر نافذ ہو سکتا ہے ۔
انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق کینئے نے کہا کہ وزیر داخلہ نے ہمیں یقین دہائی کرائی ہے کہ عیسائیوں (ناگا لینڈ میں) اور کچھ قبائلی برادریوں کو یو سی سی کے دائرے سے باہر کرنے پر لا کمیشن غور کر رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ناگا وفد وزیر داخلہ کے رد عمل سے خوش اور پر اعتماد تھا۔