یتیم بچوں کے لیے دینی و عصری تعلیم کا 107 سالہ قدیم ادارہ

یتیم خانہ اسلامیہ گیا کے جشن یوم تاسیس کے موقع پر جلسہ سیرت النبیﷺ کا انعقاد

گیا، بہار (دعوت نیوز ڈیسک)

’’ بچپن ہی سے ادارہ کا اشتہار اخباروں میں گھر پر بھی اور اپنے ادارہ میں بھی پڑھتا آ رہا تھا اور اب یہاں آ کر اپنی آنکھوں سے ادارہ کو دیکھا اور پایا کہ یتیم خانہ ایک تاریخی ادارہ ہے۔ اس کے بانی کی سوچ نہایت ہی بلند تھی جس کے تحت آج سے 107سال قبل صحیح اسلامی خطوط کے ساتھ جدید و قدیم تعلیم کے ادارے کی بنیاد ڈالی گئی جس کا پھل آج ہم سب کو مل رہا ہے۔ آج کے دور میں ایسے ادارے کی پہلے سے زیادہ ضرورت ہے۔ ‘‘ان خیالات کا اظہار صدر مدرس جامعۃ الفلاح اعظم گڑھ، مولانا ذکی الرحمن غازی فلاحی مدنی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کیا ۔دراصل پچھلے دنوں یتیم خانہ اسلامیہ گیا میں 107 سالہ جشن یوم تاسیس عظیم الشان طریقے سے اور بڑے ہی جوش و خروش کے ساتھ بنایا گیا۔
یوم تاسیس سے متعلقہ پروگرام دو حصوں میں منقسم تھا۔ پہلی نشست جلسہ سیرت النبیﷺ کی تھی جس میں مہمان خصوصی مولانا ذکی الرحمن صاحب غازی فلاحی مدنی تھے۔ ان کے علاوہ جامعہ ام القریٰ گیا کے مہتمم قاری غضنفر قاسمی اور جامعہ تحفیظ القرآن بیدہ شیر گھاٹی، گیا کے مہتمم مولانا حذیفہ المظاہری دونوں نے سیرت النبی ﷺ کے موضوع پر عمدہ تقریریں کیں۔ مولانا حذیفہ نے کہاکہ یتیم خانہ اسلامیہ گیا اس علاقے میں اپنے طرز کا پہلا اور واحد منفرد ادارہ ہے جو دینی و عصری علوم کی تعلیم 107 سال سے دیتا آ رہا ہے۔ آج جو کچھ بھی کام ہو رہا ہے اسے ایک صدی قبل ہی بانی یتیم خانہ نے لڑکوں اور لڑکیوں کی تعلیم سے متعلق سوچا تھا ۔اس نشست میں طلباء نے بھی سیرت سے متعلقہ تعلیمی مظاہرے پیش کیے۔
دوسری نشست میں طلباء نے تقریر اور نظم پیش کی۔ اس کے بعد ڈائرکٹر گارجین پبلک اسکول مولانا امتیاز احمد نے عصری تعلیم اور دینی تعلیم کی اہمیت و افادیت پر پُر مغز تقریر کی۔ انہوں نے کہا کہ دنوں طرح کی تعلیم ایک دوسرے سے الگ نہیں ہے لہٰذا تفریق نہیں کی جانی چاہیے۔
آخر میں مہمان خصوصی جناب آفاق احمد خان ایم ایل سی نے اپنی تقریر میں یتیم خانہ کی کافی تعریف کی اور تیقن دلایا کہ یتیم خانہ اسلامیہ گیا کو +2 انٹرمیڈیٹ کرنے میں جو بھی رکاوٹ ہوگی وہ سرکاری سطح سے اس کو پورا کرانے کی کوشش کریں گے۔ آخر میں یتیم خانہ اسلامیہ گیا کے ڈائرکٹر محمد امیرالدین خان نے جلسہ میں شریک ہونے والوں کا شکریہ ادا کیا۔ جلسہ کی نظامت کے فرائض ادارہ کے استاذ محمد مہر عالم صاحب نے انجام دیے۔
اس پروگرام میں ادارہ کے طلبا شہر گیا اور چرکی کے اطراف کے لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

 

***

 


ہفت روزہ دعوت – شمارہ 10 نومبر تا 11 نومبر 2024