ہیومن ویلفیئرفاونڈیشن  کی جانب سے  ہزاروں غریب اور ضرورت مند خاندانوں  میں افطار کٹ تقسیم

فاؤنڈیشن ملک گیر سطح پر غرباء و مساکین کی اعانت کرتے ہوئے افطار کٹ کے تحت ایک ماہ کا مکمل راشن تقسیم کررہا ہے

نئی دہلی، یکم اپریل:۔

رمضان کے  روزوں کے ذریعہ جہاں اللہ تعالیٰ اپنے بندوں کو نیکیوں کا وعدہ کیا ہے وہیں اس روزے میں بھوکا اور پیاسا رہ کر انسان کے اندر معاشرے کے غریب اور بھوکے پیاسوں کے درد کا احساس بھی  دلانا مقصود ہے ۔مبارک مہینے میں صدقہ و خیرات کے ذریعہ غرباء و مساکین کی اعانت کرنے اور ان کی داد رسی کی اپنی اہمیت و فضیلت ہے ،اس لئے اس ماہ میں متعدد تنظیمیں معاشرے کے غریب اور مجبوروں تک پہنچ کر ان کی مدد کرتی ہیں۔ہیومن ویلفیئر فاؤنڈیشن ایک ایسا ہی ادارہ ہے جو طویل عرصے سے ہر سال رمضان میں غریبوں اور مسکینوں میں خوردنی اشیا کی تقسیم کرتا ہے ۔

ہر سال کی طرح امسال بھی ہیومن ویلفیر فاونڈیشن نے ملک کے طول عرض میں ماہ رمضان میں غرباءومساکین کی اعانت کا اعلان کیا ہے ۔ فاونڈیشن کی جانب سے افطار کٹ  کے ذریعے ضرورت مندوں کی مدد کا کام بڑے پیمانے پر جاری ہے ۔ اس پروگرام کے تحت ایک خاندان کو ایک ماہ کا راشن مہیا کرایاجاتا ہے۔

فاونڈیشن ہر سال رمضان میں غریب عوام کی خصوصی اعانت کرتا ہے رمضان سے قبل ضرورت مند خاندانوں کی نشاندہی کاکام  مقامی لوگوں اور رضا کاروں  کے ذریعے مکمل کرلیا جاتا ہے ۔ اس سال  دہلی, ہریانہ ،پنجاب،راجستھان،گجرات،یوپی ،بہار،مدھیہ پردیش،چھتیس گڑھ،مغربی بنگال ،کرنا ٹک اور تمل ناڈو سمیت ملک کی 22 کی ریاستوں میں فاونڈ یشن 60 ہزار خاندانوں کو افطار کٹ تقسیم کر رہا ہے۔

Human welfare Foundation distribute Iftar kit

فاونڈیشن کے سوشل ویلفئر ڈپارٹمینٹ  کے ہیڈ محمد اسلام نے بتایا کہ ابتک 30 ہزار سے زائد افطار کٹ تقسیم ہو چکی ہیں 15 رمضان تک یہ کام مکمل کر لیا جائے گا ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اس سال افطار کٹ پروجیکٹ کو وژن کی ذیلی تنظیم آئیڈیل ریلیف ٹرسٹ نگرانی کر رہی ہے اور اس کے ساتھ ہیومن ویلفیئر ٹرسٹ اور ہیومن ویلفیئر فاونڈیشن ملکر اس ہدف کو پورا کر رہے ہیں ۔

واضح ہوکہ افطار کٹ میں اتنا راشن اور کھانے پینے کا سامان ہوتا ہے جو ایک خاندان کے 6 افراد کے لیے ایک ماہ تک کے لیے کافی ہو۔ فاونڈیشن کا ہدف معاشرے سے بھوک کا خاتمہ ہے ۔ ہیومن ویلفیئر فاؤنڈیشن ایک غیر سرکاری تنظیم ہے جس کا بنیادی مقصد سماج اور معاشرے سے غربت کا خاتمہ ہے ۔فاؤنڈیشن ہر سال ہزاروں کی تعداد میں غریب طبقات تک پہنچ کر ان تک اپنی امداد پہنچاتا ہے ۔