ہندوستان میں کورونا وائرس کے معاملات کی تعداد 1637 ہوئی، 38 افراد ہوئے فوت

نئی دہلی، اپریل 01— مرکزی وزارت صحت کے مطابق بدھ کے روز ملک میں کورونا وائرس کے مثبت واقعات کی تعداد 1،637 ہوگئی ہے- ان میں سے 38 کی موت ہوگئی ہے جب کہ 132 علاج کے بعد فارغ کر دیے گئے ہیں۔

مارچ کے وسط میں دہلی میں نظام الدین مسجد میں تبلیغی جماعت کی تقریب میں شریک ہونے والے متعدد افراد کو بھی گذشتہ دو دنوں میں کورونا وائرس کے لیے مثبت پایا گیا ہے۔

مرکزی اور ریاستی حکومتوں نے نظام الدین تقریب میں شرکت کرنے والے تقریباً 4000 افراد کا سراغ لگانا شروع کردیا ہے۔ ان میں سے دو ہزار سے زیادہ افراد کو نظام الدین مسجد سے نکال لیا گیا۔

دہلی کے نائب وزیر اعلی منیش سسودیا نے بدھ کی صبح ہندی میں ٹویٹ کیا ’’نظام الدین مرکز میں 36 گھنٹے طویل انخلا کی مشق کے بعد آج صبح 5 بجے کے قریب پوری عمارت کو مکمل طور پر خالی کرا لیا گیا۔ عمارت میں 2361 افراد موجود تھے- ان میں سے 617 افراد کو اسپتالوں میں بھیجا گیا ہے جب کہ باقی افراد کو قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔ طبی عملہ، انتظامیہ، پولیس، ڈی ٹی سی عملہ – سب نے مل کر اپنی جان کو خطرے میں ڈال کر کام کیا۔ ان کو میرا دلی سلام۔ ‘‘

دہلی کے سی ایم او نے منگل کے روز ٹویٹ کیا کہ مرکز سے انخلا کیے جانے والوں میں سے 24 افراد میں کورونا وائرس پایا گیا۔

انڈین ایکسپریس کے مطابق مرکز کے زائرین میں سے 50 افراد تمل ناڈو میں متاثر پائے گئے جب کہ پانچ تلنگانہ میں فوت ہوگئے۔

دریں اثنا مرکزی وزارت داخلہ نے تمام ریاستی حکومتوں سے کہا ہے کہ وہ ان تمام افراد کی شناخت کریں اور انھیں قرنطین کریں جو بیرون ممالک سے آئے تھے اور نظام الدین میں تبلیغی پروگرام میں شریک ہوئے اور طبی منظوری کے بعد انھیں ملک سے بھیج دیا جائے۔