ہندوستان میں مذہبی اقلیتوں کا تحفظ یقینی بنایا جائے: امریکہ

شہرت ترمیمی بل کے منظور ہونے پر جہاں ملک بھر میں احتجاج و مظاہروں کا سلسلہ شدت اختیار کر چکا ہے وہیں اب بین الاقوامی سطح پر بھی ہندوستان کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کے ایک ترجمان نے کہا کہ ہندوستان کو اپنی جمہوری اقدار اور آئین کی پاسداری کا لحاظ کرتے ہوئے اقلیتوں کے حقوق کا خیال رکھنا چاہیے۔

ایک سوال کے جواب میں محکمہ خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ ’’امریکہ ہندوستان پر زور دیتا ہے کہ وہ اپنے آئین اور جمہوری اقدار کا لحاظ کرتے ہوئے ملک ميں بسنے والی مذہبی اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ کرے۔‘‘

اس سے قبل مذہبی آزادی سے متعلق امریکی ادارے ‘یو ایس کمیشن فار انٹرنیشنل ریلیجیس فریڈم‘ (يو ایس سی آئی آر ایف) نے بھی اس بل پر اپنے خدشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر یہ بل پارلیمان کے دونوں ایوانوں میں منظور کر لیا جاتا ہے تو امریکی حکومت کو ہندوستانی وزیر داخلہ امت شاہ اور دیگر اہم قیادت پر پابندی عائد کرنے پر غور کرنا چاہیے۔

امریکی ادارے نے اس بل کو غلط سمت میں خطرناک موڑ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ ”یہ ہندوستان کی سیکولر، روادار اور تکثیریت کی شاندار تاریخ اور ملکی آئین کے منافی ہے، جس میں مذہب و ملت سے بالاتر قانون کی نظر میں سب کو برابر قرار ديا گيا تھا۔ ‘‘

(ایجنسیاں)