ہماچل پردیش: مسلم خواتین کو عید پرتحفہ، ’ایچ آر ٹی سی‘ بسوں میں مفت سفر کی سہولت
نئی دہلی ،08اپریل :۔
رکشا بندھن ،بھیا دوج اور کرو چوتھ وغیرہ پر خواتین کے لئے مفت بسوں میں سفر کا اعلان دہلی اور دیگر ریاستوں میں ہوتا تھا لیکن عید کے موقع پر اس طرح کی مفت سرکاری سہولت نظر نہیں آتی لیکن ہماچل پردیش کی کانگریس حکومت نے اس بار عید کے موقع پر مسلم خواتین کو خاص تحفہ دینے کا اعلان کیا ہے۔ہماچل پردیش ٹرانسپورٹ کارپوریشن (ایچ آر ٹی سی) نے عید کے موقع پر مسلم خواتین کے لیے مفت بس سفر کا اعلان کیا ہے۔ یہ سہولت عید کے دن صبح 5 بجے سے شام 7 بجے تک دستیاب رہے گی۔
کارپوریشن نے کہا ہے کہ یہ سہولت طلوع آفتاب سے غروب آفتاب تک دستیاب رہے گی۔ مفت بس سفر کی سہولت صرف ریاست کے اندر ہی دستیاب ہوگی۔ اگر آپ ریاست سے باہر جائیں گے تو کرایہ ادا کرنا پڑے گا۔ واضح رہے کہ اگرچہ عید کا تہوار چاند نظر آنے پر منحصر ہے لیکن حکومت نے 11 اپریل کو عید کی چھٹی کا اعلان کیا ہے۔
کارپوریشن کے مطابق ریاست میں کروا چوتھ اور رکشا بندھن کے موقع پر بھی خواتین کو مفت بس سفر کی سہولت حاصل ہے لیکن اس بار مسلم خواتین کو بھی یہ سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ خواتین کو ایسی سہولت 2021 میں بھی ملی تھی۔ اس سہولت سے فائدہ اٹھانے کے لیے خواتین کے پاس آدھار کارڈ یا دیگر شناختی ثبوت ہونا ضروری ہے۔کارپوریشن کے منیجنگ ڈائریکٹر کی سطح پر ہفتہ کو احکامات جاری کیے گئے ہیں۔ اتوار کو چھٹی ہونے کی وجہ سے پیر کو ریجنل منیجر کی سطح پر کارروائی کی جائے گی۔
خیال رہے کہ ہماچل پردیش کے سرمور اور چمبا اضلاع میں مسلم آبادی سب سے زیادہ ہے۔ اس کے علاوہ دیگر اضلاع میں بھی آبادی ہے۔جو اس مفت سرکاری سہولت کا فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔