ہزاروں حامیوں کے ساتھ  اسلام قبول کرنے والے پادری نے حج ادا کیا

ابراہیم عرف رچمنڈ نےاپنے اسلام قبول کرنے کا ایمان افروز واقعہ شیئر کیا،تین ماہ قبل ایک خواب  دیکھنے کے بعد حلقہ بگوش اسلام ہو گئے،ہزاروں حامیوں نے بھی کلمہ شہادت پڑھ لیا

نئی دہلی ،28 جون :۔

اسلام  اللہ کا پسندیدہ مذہب ہے ،یہ صرف قرآن کا فرمان ہی نہیں ہے بلکہ حقیقی معنوں میں اس کی  خوبصورتی اور اس کی سادگی  نظر آتی ہے ۔اس سال 25 لاکھ سے زیادہ دنیا بھر سے حج کی ادائیگی کے لئے مکہ پہنچنے والوں میں جنوبی افریقہ سے تعلق رکھنے والے ایک نومسلم رچمنڈ بھی شامل تھے،جن کی اسلام اور پیغمبر اسلامؐ سے محبت اور رغبت کا روح پرورو منظر دیکھنے کو ملا ۔جب انہوں نے مکہ کی وادی میں جبل نور پر قدم رکھا تو فرت جذبات سے ان کی آنکھیں نم ہو گئیں اور وہ سجدہ میں گر گئے۔

ابھی چند ماہ قبل ہی انہوں نے اپنے ہزاروں حامیوں کے ساتھ اسلام قبول کیا ہے ،اور اللہ تعالیٰ نے انہیں اپنے گھر کی زیارت کی سعات نصیب فرمائی ۔ انہوں نے شاہی مہمان کی حیثیت سے اس سال حج کی سعادت حاصل کی ۔ حج کے دوران کی ان کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جس میں ان کی اسلام سے رغبت ،عقیدت اور بے انتہا محبت کو دیکھا اور محسوس کیا جا سکتا ہے ۔ان کے حلقہ بگوش اسلام ہونے کا واقعہ بھی بہت ہی ایمان افروز ہے ۔

ایک عربی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے اپنے حلقہ بگوش اسلام ہونے کا   ذکر کیا ہے ۔تقریباً تین ماہ قبل جنوبی افریقہ  سے تعلق رکھنے والے   رچمنڈ نے ایک خواب دیکھا جس میں  ان سے کہا گیا کہ وہ اپنے حامیوں کو اسلام کی دعوت دیں۔جس کے بعد رچمنڈ نے اپنے ہزاروں حامیوں کو اسلام کی دعوت دی اور سب مسلمان ہو گئے، انہوں نے بھی اسلام قبول کر لیا اور اپنا نام ابراہیم رکھا۔ مارچ میں انٹرنیٹ پر سامنے آنے والی ایک وائرل ویڈیو میں، رچمنڈ اور ان  کے ہزاروں پیروکاروں کو کلمہ شہادت (ایمان کی گواہی) کا اعلان کرتے ہوئے دیکھا  جا سکتا ہے۔

اتوار کو سعودی حکام نے ٹویٹر پر رچمنڈ کی ایک اور ویڈیو پوسٹ کی جس میں انہوں نے وہ تجربہ شیئر کیا جس کی وجہ سے وہ اسلام قبول کرنے پر مجبور ہوئے  ۔ وہ کہتے ہیں، "میں 15 سال تک میں  ایک پادری تھا، اور میں چرچ میں جماعت کا رہنما تھا،  میرے 100,000 پیروکار تھے ۔رچمنڈ  بتاتے ہیں کہ  "چرچ میں ایک بہت چھوٹے کمرے میں سو رہا  تھا۔پھر، میں نے ایک خواب دیکھا،ایک آواز سنی  جو مجھ سے کہہ رہی تھی: اپنے لوگوں سے کہو کہ سفید لباس پہنیں۔” اگلے دن پھر میں نے وہی خواب دیکھا،اس کے بعد پھر تیسرے دن وہی خواب دیکھا ہر بار آواز مضبوط ہوتی گئی۔اس کے بعد، رچمنڈ  کا کہنا ہے کہ میں چرچ گیا اور اپنے پیروکاروں کو خواب کے بارے میں بتایا۔

ویڈیو میں وہ بتاتے ہیں کہ”تین مہینے پہلے، میں نے اسی چرچ میں شہادت کا اعلان کیا تھا، اور انہوں نے میری بات کی تائید کی، اور اسے دہرایا۔ بعد میں میں نے ایک مسلمان بھائی کو ہمارے پاس آتے دیکھا۔ میں نے انہیں بتایا کہ میں نے ہمیشہ ان کا انتظار کیا تھا۔وہ کہتے ہیں کہ  میں نے ایک خواب دیکھا تھا کہ وہ یہاں آئے گا۔

اس موقع پر انہوں نے رواں سال حج پر آنے کی کہانی بھی بتائی ۔ انہوں نے کہا کہ جب مجھے پہلی بار حج کے لیے بلایا گیا تو مجھے یقین نہیں تھا۔ میں نے سوچا کہ میں نہیں جا سکتا۔ لیکن اب، میں یہاں ہوں… پیغمبر اسلام کے نقش قدم پر چل رہا ہوں، اور میرے لاکھوں لوگ روشنی کو دیکھ کر  ان قدموں پر چلیں گے۔‘‘

واضح رہے کہ ابراہیم عرف رچمنڈ شاہ سلمان حج پروگرام کے تحت اس سال مکہ میں حج کرنے پہنچے تھے ۔