ہریانہ: نوح کی سرحدیں سیل،سبھی اسکول کالج اور بینک بند،سیکورٹی اہلکاروں کا فلیگ مارچ
گزشتہ ماہ نوح میں تشدد یاترا کو روک دیا گیا تھا، ہریانہ انتظامیہ کی جانب سے یاترا نکالنے کی اجازت نہیں دیئے جانے کے باوجود منتظمین یاترا پر بضد
نئی دہلی ،28اگست :۔
ہریانہ کے نوح گزشتہ ماہ شوبھا یاترا کے دوران ہوئے تشدد کے بعد یاتراکو روک دیا گیا تھا اب وشو ہندو پریشد نے ایک بار پھر آج آج برج منڈل جل ابھیشیک یاترا نکالنے کا اعلان کیا ہے حالانکہ وزیر اعلیٰ منوہر لال کھٹر کی جانب سے جلوس کی اجازت نہیں دی گئی ہے لیکن منتظمین کی ضد کو دیکھتے ہوئے آج ہریانہ میں ہائی الرٹ ہے ،اسکول کالج اور بینک بند ہیں ۔
رپورٹ کے مطابق سرو جاتیہ ہندو مہاپنچایت نے ‘شوبھا یاترا’ بلائی ہے۔ انتظامیہ نے ریاستی پولیس کو ہائی الرٹ پر رکھا ہے۔جلوس کے پیش نظر علاقے میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ نوح کے سب ڈویژنل مجسٹریٹ اشونی کمار نے کہا کہ ضلع میں اسکول، کالج اور بینک سمیت تمام تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔
پنچکولہ میں ایک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ کھٹر نے کہا، "چونکہ گزشتہ ماہ یاترا کے دوران امن و امان کی صورتحال بگڑ گئی تھی اور اب امن و امان برقرار رکھنا حکومت کی ذمہ داری ہے،‘‘ اجازت نہ ملنے کے باوجود وشو ہندو پریشد (وی ایچ پی) نے کہا کہ برج منڈل شوبھا یاترا پرامن طریقے سے منعقد کی جائے گی۔ امن و امان سے متعلق کوئی مسئلہ پیدا نہیں ہوگا۔
وی ایچ پی لیڈر نے کہا، "ہمیں معلوم ہے کہ جی 20 شروع ہونے والا ہے، اس لیے ہم اس یاترا کو مختصر کر دیں گے۔” لیکن ہم اسے نہیں چھوڑیں گے اور اسے مکمل کر لیں گے۔ میں بھی اس میں شرکت کروں گا
رپورٹ کے مطابق مجوزہ یاترا کے اعلان کے پیش نظر نوح میں پولیس کے مطابق ہریانہ پولیس کے 1900 اہلکار اور نیم فوجی دستوں کی 24 کمپنیاں تعینات کی گئی ہیں۔ نوح ضلع کے تمام داخلی راستوں کو سیل کر دیا گیا ہے اور ملہار مندر کی طرف جانے والی سڑک کو بھی بند کر دیا گیا ہے۔ریاستی حکومت نے 26 سے 28 اگست تک موبائل انٹرنیٹ خدمات کو پہلے ہی معطل کر دیا ہے۔ضلعی انتظامیہ نے دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ نوح میں کسی بھی قسم کی نقل و حرکت سے گریز کریں۔