ہریانہ میں ماب لنچنگ ،بیف کھانے کے شک میں مزدور کا پیٹ پیٹ کر قتل
چرخی دادری میں مغربی بنگال کے مزدور کا پیٹ پیٹ کر قتل کر دیا گیا،آسام کا دوسرا مزدور زخمی ،دو نابالغ سمیت پانچ گرفتار
نئی دہلی ،31 اگست :۔
ملک بھر میں کہیں بھی مسلمانوں کو زدوکوب کرنے یا انہیں جان سے مارنے کیلئے صرف یہ الزام لگا دینا کافی ہے کہ گائے کا گوشت کھایا ہے۔ گؤ رکشا کے نام پر غنڈوں کا یہ گروہ صرف مسلمانوں کو نشانہ بنانے کیلئے ہمہ وقت تیار رہتا ہے۔چاہے وہ ٹرین میں سفر کے دوران ہو یا بازار میں یاپھر اپنے گھر میں ۔در اصل ان نام نہاد گؤ رکشا کےغنڈوں کو حکومتی سطح پر شہہ ملی ہوئی ہے جس کا نتیجہ ہے کہ ایسے واقعات روزانہ پیش آرہے ہیں ۔تازہ معاملہ ہریانہ کے چرخی دادری کا ہے جہاں نام نہاد گؤ رکشا کے غنڈوں نے ایک مزدور کو صرف اس شک کی بنیاد پر مار مار کر قتل کر دیا کہ اس نے بیف کھایا تھا۔نہ کسی نے تصدیق کی اور نہ ہی کسی نے اس کو دیکھا محض شک کی بنیاد پر مزدور کی جان لے لی گئی ۔
رپورٹ کے مطابق ہریانہ کے چرخی دادری میں مبینہ طور پر بیف کھانے کے شک میں مغربی بنگال سے تعلق رکھنے والے ایک مزدور کو پیٹ پیٹ کر قتل کر دیا گیا جبکہ ایک دوسرے کو زخمی کر دیا ۔ اس سلسلے میں پولیس نے دو نابالغ سمیت سات لوگوں کو گرفتار کیا ہے۔پولیس افسرنے بتایا کہ متاثرہ مزدور کی شناخت مغربی بنگال کے رہنے والے صابر ملک کے طور پر ہوئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق نام نہاد گؤ رکشکوں نے صابر ملک کو پلاسٹک کی بوتلیں بیچنے کے بہانے ایک دکان پر بلایا ۔ اور آسام کے رہنے والے اسیر الدین کو بھی بس اسٹیڈ پر بلا کر دونوں کی پٹائی کی ۔ جب راہگیروں نے مداخلت کی تو دونوں کو اپنی بائک پر بیٹھا کر کسی دوسری جگہ پر لے گئے اور جم کر پٹائی کی ۔بعد میں صابر کو ایک نہر کے پاس مردہ حالت میں پایا گیا ۔ وہیں اسیر الدین کو ملزم دوسری جگہ پر پھینک کر چلے گئے تھے۔ وہ اسپتال میں اس وقت زیرعلاج ہے۔
مزدور کا قتل کرنے والوں کی شناخت ابھیشیک ،موہت ،رویندر ،کمل جیت اور ساحل کے طور پر ہوئی ہے۔مقتول جھگی میں رہتا تھا اور اپنے خرچے کیلئے کوڑا چننے کا کام کرتا تھا۔ملزمین کے خلاف بھارتیہ نیائے سنہیتا کی مختلف دفعات کے تحت کیس درج کیا گیا ہے ۔رپورٹوں کے مطابق ملک کے بہنوئی شجاع الدین نے کہا کہ وہ اپنے والد اور بہن کے ساتھ پچھلے پانچ سال سے جھگی علاقے میں رہ رہے ہیں اور انہیں پہلے کبھی ایسا کچھ نہیں ہوا ۔ انہوں نے کہا کہ وہ صبح کوڑا اٹھا کر گھر لوٹ رہے تھے تبھی گروپ نے ان سے کہا کہ تم نے بیف کھایا ہے ۔وہ لوگ انہیں باندرہ تھانے بھی لے گئے تھے۔
ایک سینئر پولیس افسر کے مطابق صابر ملک کو 27 اگست کو قتل کیا گیا تھا۔ ملزمان ابھیشیک، موہت، رویندر، کمل جیت اور ساحل کو شک تھا مقتول نے گائے کا گوشت کھایا ہے۔ چنانچہ انہوں نے صابر کو پلاسٹک کی خالی بوتلیں بیچنے کے بہانے ایک دکان پر بلایا اور پھر اسے بری طرح زد و کوب کیا۔
انہوں نے کہا کہ تمام پانچ ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور اس معاملے میں دو نابالغوں کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔ پولیس نے بتایا کہ ملزمان کے خلاف بھارتیہ نیا سنہتا (بی این ایس) کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔پولیس نے آج ہفتہ کو اس کی معلومات دی ۔