گائے کے محافظ ہی نکلے گائے کے قاتل،تصادم کے بعد تین گرفتار

گرفتار ملزمین نے کیا انکشاف ،کرنی سینا کاضلع صدر راہل سنگھ  ہی کراتا تھا گائیوں کا قتل

نئی دہلی ،14جنوری :۔

یوں تو ملک بھر  میں گؤ رکشا کے نام پر مسلمانوں کو نشانہ بنایا جاتا ہے ۔گؤ رکشک دل اکثر مسلم ڈرائیوروں کو روک روک کر زدو کوب کرتے ہیں مگر اتر پردیش کے بریلی میں ایک الگ ہی معاملہ سامنے آیا ہے ۔جہاں ایک گؤ سیو دل چلانے والا کرنی سینا کا صدر ہی گائے کے ذبح کرنے کا انتظام کرتا تھا اور وہی گائے کا قتل کرواتا تھا۔

رپورٹ کے مطابق  بریلی کے بھوجی پورہ تھانہ علاقے میں دیورانیہ ندی کے کنارے گائے ذبیحہ کی اطلاع پر پولیس نے جمعہ کی رات چھاپہ مارا۔ جانور ذبح کرنے والے لوگوں نے فائرنگ کر دی۔ پولیس نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے تین افراد کو گرفتار کر لیا۔ ملزمان نے بتایا کہ وہ کرنی سینا کے ضلع صدر راہل سنگھ کی ہدایت پر جانوروں کو ذبح کر رہے تھے۔ پولیس نے پانچوں افراد کے خلاف رپورٹ درج کر کے تین کو جیل بھیج دیا۔

پولیس اسٹیشن انچارج انسپکٹر سریش چندر گوتم نے بتایا کہ انسپکٹر رنویر سنگھ جمعہ کی آدھی رات کو پولیس ٹیم کے ساتھ گشت پر تھے۔ مخبر نے بتایا کہ بلوا کے قریب دیورانیہ ندی کے کنارے  جانوروں کو ذبح کیا جا رہا ہے۔ پولیس موقع پر پہنچ گئی۔

گوتم کے مطابق پولیس کو دیکھ کر ایک اسمگلر نے پولیس ٹیم کو مارنے کی نیت سے فائرنگ کر دی۔ جس کی وجہ سے پولیس ٹیم بال بال بچ گئی۔ پولیس نے ناکہ بندی کرکے تینوں ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ جائے وقوعہ سے جانوروں کو مارنے کے آلات، گوشت لے جانے کا ایک ٹیمپو، ایک پستول اور ایک خول برآمد ہوا۔

پولیس نے تھانے میں ملزمان کے نام اور پتے پوچھے تو ایک ملزم نے اپنا نام محمد سعید خان ساکنہ سنائیہ رانی تھانہ سی بی گنج بریلی بتایا جبکہ دوسرے نے اپنا نام اکرم ساکنہ راہ پورہ چوہدری روڈ نمبر ایک پولیس اسٹیشن عزت نگر۔ تیسرا ملزم دیویندر کمار بھی عزت نگر میں ڈی آر ایم آفس کے پاس رہتا ہے۔ ان میں  دیویندر کمار کرنی سینا کے میٹروپولیٹن صدر (گوسیوا) کے طور پر اشتہار دیتے ہیں۔

ان لوگوں نے بات چیت کی کال ڈیٹیل دکھاتے ہوئے بتایا کہ وہ کرنی سینا کے ضلع صدر ٹھاکر راہل سنگھ کے حکم پر گائے ذبح کرتے ہیں۔ اس نے یہ منصوبہ بنایا تھا۔ چاند عرف اجے ولد نوی حسین ساکن تلیا پور، سی بی گنج بھی اس کا ساتھی ہے۔ پولیس نے شواہد اکٹھے کرنے کے بعد ان کی تلاش بھی شروع کر دی۔