کوویڈ 19: دہلی کے وزیراعلیٰ کا کہنا ہے کہ پلازما تھیرپی چار مریضوں پر آزمائی گئی ہے، نتائج ’’حوصلہ افزا‘‘ ہیں

نئی دہلی، اپریل 24: دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے کہا کہ پلازما تھیرپی دارالحکومت میں چار مریضوں پر آزمائی گئی ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ اب تک کے نتائج حوصلہ افزا رہے ہیں۔

کیجریوال نے ایک پریس بریفنگ میں کہا ’’ہمیں [دہلی حکومت] کو لوک نائک جے پرکاش نارائن اسپتال میں شدید بیمار مریضوں پر یہ طریقہ آزمانے کی اجازت مرکز نے دی تھی۔ پچھلے کچھ دنوں میں ہم نے چار مریضوں پر تجربہ کیا اور اب تک نتائج حوصلہ افزا رہے ہیں۔‘‘

انسٹی ٹیوٹ آف لیور اینڈ بلیری سائنس کے ڈائریکٹر ڈاکٹر ایس کے سرین، جو دارالحکومت میں پلازما تھیرپی کے تجربات کی نگرانی کر رہے ہیں، نے کہا کہ یہ طریقۂ کار تشویشناک حالت میں داخل مریضوں میں عضو کی ناکامی کو روکنے میں مدد فراہم کرسکتا ہے۔ انھوں نے کہا ’’اگر ہم دوسرے مرحلے کے مریضوں میں پلازما منتقل کرتے ہیں، جب انفیکشن پھیپھڑوں تک پہنچ جاتا ہے، تو ہم اعضا کی خرابی کو روک سکتے ہیں۔‘‘

سرین نے مزید کہا ’’ہم چار مریضوں پر پلازما تھیرپی کے ٹرائلز کے نتائج سے خوش ہیں۔‘‘

کیجریوال نے کہا کہ جن دو مریضوں کو منگل کو پلازما دیا گیا تھا، انھیں جلد ہی انتہائی نگہداشت یونٹ سے فارغ کیا جا سکتا ہے۔ وزیر اعلی نے مزید کہا کہ جمعرات کو دیگر دو مریضوں کو پلازما دیا گیا تھا اور وہ مثبت نتائج دکھا رہے ہیں۔

وزیر اعلی نے مزید کہا کہ وہ مرکز سے دہلی میں کوویڈ 19 کے تمام مریضوں پر پلازما تھیرپی آزمانے کی اجازت طلب کریں گے۔ انھوں نے کہا ’’ہم زیادہ سے زیادہ مریضوں پر تجربہ کریں گے۔ ہم جلد ہی دہلی کے تمام سنگین مریضوں کے علاج کے لیے مرکز سے پلازما کی اجازت طلب کریں گے۔‘‘ انھوں نے کوویڈ 19 سے بازیاب ہونے والے مریضوں سے پلازما کا عطیہ کرنے اور شدید بیمار لوگوں کی جان بچانے میں مدد کرنے کی اپیل کی۔

گذشتہ ماہ انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ نے کہا تھا کہ پلازما تھیرپی صرف کلینیکل ٹرائلز میں کی جائے گی اور یہ ان کوویڈ 19 مریضوں کے لیے ہے جن کی حالت تشویشناک ہے۔

مرکزی وزارت صحت کے اعداد و شمار کے مطابق دہلی میں اب تک کورونا وائرس کے 2،376 کیسز ہیں۔ دارالحکومت میں کوویڈ 19 سے پچاس مریضوں کی موت بھی ہوئی ہے۔ جب کہ 800 سے زائد افراد صحت یاب ہوگئے ہیں۔