کوویڈ ۔19: ہندوستان میں متاثرین کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز، وزارت نے دفتر اور کام کرنے کی جگہ کے لیے رہنما اصول جاری کیے
نئی دہلی، مئی 19: ہندوستان میں آج کورونا وائرس متاثرین کی تعداد ایک لاکھ کے ہندسے کو عبور کر گئی۔ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 4،970 نئے کیسز اور 134 اموات سامنے آنے کے بعد متاثرین کی مجموعی تعداد 1،01،139 اور اموات کی مجموعی تعداد 3،163 تک جا پہنچی۔
دریں اثنا لاک ڈاؤن میں آسانی کے ساتھ وزارت صحت نے دفتر اور دیگر کام کی جگہوں پر وبائی امراض کے پھیلاؤ کی روک تھام کے لیے ہدایات جاری کیں، جن میں مشترکہ جگہوں جیسے راہداری، لفٹ اور سیڑھیاں، پارکنگ کی جگہیں، کیفے ٹیریا، میٹنگ روم اور کانفرنس ہال وغیرہ میں خاص اقدامات کے لیے کہا ہے، کیوں کہ ایسی جگہوں میں عہدیداروں، عملے اور آنے والوں میں یہ وائرس تیزی سے پھیل سکتا ہے۔
وزارت نے سفارش کی ہے کہ ہر وقت کم سے کم ایک میٹر کی دوری رکھی جائے۔ چہرے کے ماسک لازمی ہیں، بار بار ہاتھ دھونے اور ہینڈ سینیٹائزر استعمال کرنے کا مشورہ دیا جائے۔