کورونا وائرس: ہندوستان میں معاملات کی مجموعی تعداد 1 کروڑ کے پار، 1.45 لاکھ افراد ہلاک

نئی دہلی، دسمبر 19: گذشتہ ایک دن میں 25،152 نئے معاملات کے ساتھ ہی ہندوستان میں کورونا وائرس متاثرین کی مجموعی تعداد ایک کروڑ کا ہندسہ عبور کرگئی۔ ہندوستان امریکا کے بعد ایک کروڑ سے زیادہ معاملات والا دوسرا ملک ہے۔

ملک میں اب معامالات کی مجموعی تعداد 1،00،04،599 ہے۔

دریں اثنا مزید 347 اموات کے ساتھ ہلاکتوں کی تعداد 1،45،136 ہوگئی ہے۔

ملک میں فی الحال 3،08،751 فعال معاملات ہیں، جب کہ 95،50،712 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں اور قومی صحت یابی کی شرح 95.4 فیصد ہوگئی ہے۔

دریں اثنا مرکزی وزارت صحت نے کہا کہ ہندوستان میں کورونا وائرس ویکسین لینا رضاکارانہ ہوگا لیکن سب کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ ’’اس بیماری سے اپنے آپ کو بچانے کے لیے کوویڈ 19 ویکسین کا مکمل ڈوز لیں اس بیماری کے پھیلاؤ کو محدود کریں۔‘‘

جان ہاپکنز یونی ورسٹی کے مطابق عالمی سطح پر کورونا وائرس نے 7.55 کروڑ سے زائد افراد کو متاثر کیا ہے اور 16.7 لاکھ سے زیادہ افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔