کورونا وائرس: ہندوستان میں معاملات کی تعداد 4.40 لاکھ سے تجاوز، مرکز نے پتنجلی کو اپنی دوا کی تشہیر کرنے سے روکا

نئی دہلی، جون 24: ملک بھر میں منگل کو 14،933 نئے کورونا وائرس کیسز ریکارڈ ہوئے، جسے کے بعد معاملات کی مجموعی تعداد 4،40،215 تک جا پہنچی ہے۔ وہیں اموات کی تعداد 312 نئی اموات کے ساتھ بڑھ کر 14،011 ہوگئی۔

ملک بھر میں 2.48 لاکھ سے زیادہ افراد اس مرض سے صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔

دریں اثنا مرکز نے یوگا گرو رام دیو کی پتنجلی آیوروید سے کہا کہ وہ کچھ آیورویدک دواؤں کی تشہیر کرنا بند کریں، جن کا دعویٰ ہے کہ کمپنی کی دوا کورونا وائرس کا علاج کر سکتی ہے۔ وزارت آیوش نے کہا کہ وہ تیاریوں کی جانچ کے لیے کیے گئے مطالعے کے دعوے اور تفصیلات سے متعلق حقائق نہیں جانتا ہے۔

عالمی ادارۂ صحت نے کہا ہے کہ کئی ممالک میں نئے کورونا وائرس کیسوں کی ریکارڈ تعداد کی اطلاع کو زیادہ جانچ کا نتیجہ نہیں قرار دیا جاسکتا۔ واضح رہے کہ ہندوستان اور امریکہ جیسے ممالک نے انفیکشن میں اضافے کو بڑھتے ہوئے ٹیسٹ سے جوڑا ہے۔

جان ہاپکنز یونی ورسٹی کے مطابق عالمی سطح پر کورونا وائرس نے 92،37،640 افراد کو متاثر کیا ہے اور 4،76،911 افراد کی جان لی ہے۔ وہیں دنیا بھر میں 46 لاکھ سے زیادہ افراد صحت یاب ہوئے ہیں۔