کورونا وائرس کے ٹیکے کی فراہمی 2021 سے متوقع: سیکرٹری وزارت صحت
مرکزی وزارت صحت نے کل بتایا کہ کووڈ 19 کے ٹیکے کی فراہمی آئندہ سال کے اوائل سے متوقع ہے۔ ایک کانفرنس سے بات کرتے ہوئے مرکزی سکرٹری برائے صحت رجیش بھوشن نے کہا کہ "اگر سب کچھ ٹھیک چلتا ہے تو ہمیں توقع ہے کہ کووڈ 19 کا ٹیکہ آئندہ سال کی پہلے سہ ماہی میں دستیاب ہوجائے گا۔ ایک ڈیجیٹل پلیٹ فارم کو ٹیکے کی بروقت فراہمی، خریداری، ذخیرہ اندوزی، اور تقسیم کاری اور انتظام کے لیے مستحکم کیا جارہا ہے۔”
انھوں نے بتایا کہ روسی ویکسین اسپوتنک 5 پر تبادلہ خیال جاری ہے۔
ٹیکے کی مربوط آزمائش
اسی اثنا میں مرکزی دوا سازی کے معیارات کو منضبط کرنے کی تنظیم سی ڈی ایس او کے ماہرین نے ڈاکٹر ریڈیز لیب کو روسی ٹیکے کے انسانوں پر آزمائے جانے کے مرحلہ اول و دوم کے لیے نظر ثانی شدہ پروٹوکول داخل کرنے کے لیے کہا ہے۔ حیدرآباد میں واقع لیب نے ڈرگس کنٹرولو آف انڈیا سے گذشتہ ہفتے درخواست کی تھی کہ ٹیکے کی انسانی آزمائش کے تیسرے مرحلے کی اجازت دی جائے۔ کوود کی ماہرین کی کمیٹی نے سی ڈی ایس او سے کہا ہے کہ اس درخواست پر غور کیا جائے اور لیب سے کہا کہ نظر ثانی شدہ پروٹوکول داخل کرے جس میں ٹیکے کے دو مرحلوں کی مربوط آزمائش کی جائے گی۔
اخبار ہندو کو ایک ذریعے نے بتایا کہ اس کا مطلب یہ ہوگا کہ ڈاکٹر ریڈیز کی لیب کو اب دوبارہ نئی درخواست دینی ہوگی۔ ماہرین کی کمٹی کے مطابق انھیں مرحلہ دوم اور سوم کے طبی ٹرائل کرنے ہوں گے اور وہ روسی ٹیکے کی ہندوستان میں براہ راست تیسرے مرحلے کی آزمائش نہیں کرسکتے۔
ڈاکٹر ریڈیز نے روسی ڈائرکٹ انوسیٹمنٹ فنڈ کے ساتھ مل کر اسپوتنک 5 کی آزمائش اور اس کی تقسیم کاری کا کام لیا ہے۔ بھارت میں ضابطے کی اجازت کے بعد مذکورہ روسی ادارہ ڈاکٹر ریڈیز کو ٹیکے کی ایک کروڑ خوراکیں فراہم کرے گا۔
گذشتہ چوبیس گھنٹے میں 884 اموات
ان رپورٹوں کو مسترد کرتے ہوئے کہ بھارت کووڈ 19 کے نقطہ عروج کو عبور کرچکا ہے، سکرٹری بھوشن نے کہا کہ تہواروں کا وقت قریب ہے، یہ وقت چوکسی کم کرنے کا نہیں ہے۔
انھوں نے کہا کہ "ملک میں تیزی سے کورونا کے مثبت معاملے کم ہورہے ہیں۔ سر دست متاثرہ مریضوں کی تعداد کل معاملوں کا 13.75 فیصد ہے جو 919023 ہے۔ کووڈ کے مثبت معاملوں کے تیزی سے گرنے کا رحجان صحت یاب ہونے والوں معاملوں کی وجہ سے مستحکم ہورہا ہے۔ موجودہ متاثرہ اور صحت یاب ہونے والوں کے درمیان فرق 47 لاکھ ہو چکا ہے۔
وزارت نے یہ بھی بتایا کہ کہ گذشتہ چوبیس گھنٹوں میں 75 ہزار مریضوں کو اسپتالوں سے چھٹی دے دی گئی ہے۔