کورونا وائرس: مہاراشٹر نے لاک ڈاؤن میں 30 اپریل تک توسیع کی، ایسا کرنے والی تیسری ریاست

ممبئی، اپریل 11: مہاراشٹر اوڈیشہ اورپنجاب کے بعد تیسری ریاست بن گیا ہے، جس نے 30 اپریل تک کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو کم کرنے کے لیے لاک ڈاؤن میں توسیع کی ہے۔ کورونا وائرس کی وجہ سے 110 اموات اور 1،574 واقعات کے ساتھ مہاراشٹر ملک کی بدترین متاثرہ ریاست ہے۔

یہ فیصلہ لاک ڈاؤن میں توسیع اور کورونا وائرس سے لڑنے کے اقدامات سے متعلق تمام ریاستوں کے وزراے اعلیٰ کی وزیر اعظم سے گفتگو کے فوراً بعد ہی سامنے آیا۔

متعدد ریاستوں کے وزرا نے اشارہ کیا ہے کہ مودی نے لاک ڈاؤن میں توسیع کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

براہ راست ویب کاسٹ میں فیصلے کے اعلان کے بعد وزیر اعلی ادھو ٹھاکرے نے رہائشیوں سے گھبرانے کی اپیل نہیں کی۔ انھوں نے کہا ’’لاک ڈاؤن 30 اپریل تک جاری رہے گا۔ اسکولوں، یونی ورسٹیوں کے امتحانات اور صنعتوں کو چلانے کی اجازت دینے سے متعلق ہدایات جلد دی جائیں گی۔ میری آپ سے گزارش ہے کہ گھبرائیں نہیں۔‘‘

 

ٹھاکرے نے کہا کہ اس کے علاوہ اور کوئی چارہ نہیں بچا ہے۔ انھوں نے کہا کہ جب کہ ریاست کے کچھ علاقوں میں پابندیوں کو کم کیا جائے گا، وہیں دوسرے کچھ علاقوں میں مزید سختی کی جائے گی۔

وزیراعلیٰ نے لوگوں سے معاشرتی فاصلے کے قواعد پر سختی سے عمل کرنے کی تاکید کی۔ ٹھاکرے نے مزید کہا ’’یہ [لاک ڈاؤن] کم سے کم 30 اپریل تک جاری رہے گا۔ میں ’کم از کم‘

لفظ پر اس لیے زور دے رہا ہوں کیونکہ اس کا انحصار ہمارے معاشرتی نظم و ضبط پر اور بازاروں میں بھیڑ نہ لگانے پر ہے۔‘‘

ٹھاکرے نے کہا کہ متفقہ کوششوں سے ہندوستان کو کورونا وائرس کو شکست دینے میں مدد ملے گی۔ انھوں نے کہا ’’وزیر اعظم کی ویڈیو کانفرنس میں جو ماحول اور اتحاد دکھایا گیا ہے وہ نہ صرف ہمیں کورونا وائرس وبائی بیماری پر فتح حاصل کرنے میں مدد کرے گا، بلکہ ہمیں ایک عالمی طاقت کے طور پر بھی ابھار کر سامنے لائے گا۔ یہاں تک کہ امریکہ کو بھی ہم سے دوائیں مانگنی پڑتی ہیں۔‘‘

ممبئی میں اس وبائی بیماری نے ہفتہ کی شام تک تقریبا 1200 افراد کو متاثر کیا اور 75 افراد کو ہلاک کردیا۔ بدھ کے روز میونسپل حکام نے شہر میں حفاظتی ماسک پہننا لازمی قرار دے دیا۔

وزارت صحت و خاندانی بہبود کے مطابق ملک بھر میں کورونا وائرس کے واقعات کی تعداد 7،529 ہوگئی ہے اور 242 افراد لقمۂ اجل بن چکے ہیں۔

اوڈیشہ اور پنجاب نے پہلے ہی لاک ڈاؤن میں مہینہ کے آخر تک توسیع کر دی ہے۔