کورونا وائرس: ملک گیر لاک ڈاؤن میں ہو سکتی ہے دو ہفتوں کی توسیع
نئی دہلی، اپریل 11: وزیر اعظم اور وزرائے اعلی کے مابین چار گھنٹے تک جاری رہنے والی ملاقات کے دوران وزیر اعظم اور وزراے اعلیٰ دونوں ایک ہی رخ پر نظر آئے، جس کے بعد موجودہ 21 روزہ لاک ڈاؤن میں توسیع ممکن نظر آ رہی ہے۔
اس ملاقات کے بعد دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے ٹویٹر پر کہا کہ وزیر اعظم نے لاک ڈاؤن میں توسیع کے لیے صحیح فیصلہ لیا ہے۔
کیجریوال نے ٹویٹ کیا ’’وزیر اعظم نے لاک ڈاؤن میں توسیع کا صحیح فیصلہ لیا ہے۔ آج ہندوستان کی پوزیشن متعدد ترقی یافتہ ممالک سے بہتر ہے کیونکہ ہم نے جلد ہی لاک ڈاؤن شروع کردیا۔ اگر اب اسے ختم کر دیا گیا تو تمام فوائد ضائع ہوجائیں گے۔ استحکام کے لیے اس میں توسیع کرنا متفقہ ہے۔‘‘
تاہم وزیر اعظم کے دفتر یا وزارت داخلہ نے ابھی تک اس سلسلے میں کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا ہے، لیکن وہ وزراے اعلیٰ کی درخواستوں پر غور کر رہے ہیں۔
مرکزی حکومت کے پرنسپل ترجمان نے کہا ہے کہ ’’آج ریاستی وزراے علیٰ کے ساتھ کورونا وائرس پر ویڈیو کانفرنسنگ کے دوران بیشتر ریاستوں نے وزیر اعظم نریندر مودی سے لاک ڈاؤن میں مزید 2 ہفتوں کی توسیع کی درخواست کی۔ مرکزی حکومت اس درخواست پر غور کر رہی ہے۔‘‘
کورونا وائرس کی وجہ سے نافذ ملک گیر لاک ڈاؤن 14 اپریل کی آدھی رات کو ختم ہونا ہے۔
وزارت صحت کے مطابق ہندوستان میں 6565 فعال کورونا وائرس کیسز موجود ہیں، جن کے علاوہ 642 افراد ٹھیک ہو جانے کے بعد فارغ ہوگئے ہیں اور 239 فوت ہوگئے ہیں۔