کورونا وائرس: ملک میں معاملات کی تعداد 6,412 ہوئی، 199 اموات
نئی دہلی، اپریل 10: مرکزی وزارت صحت نے آج صبح بتایا کہ ملک بھر سے گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 30 کوویڈ 19 سے متعلق اموات کی اطلاع ہے، جس سے ملک بھر میں ہلاکتوں کی تعداد 199 ہوگئی۔ وہیں کورونا وائرس کے معاملات کی تعداد 6412 تک جا پہنچی ہے۔
وزارت صحت کے اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں 5709 فعال معاملات ہیں اور 503 افراد کو علاج کے بعد فارغ کر دیا گیا ہے۔ وہیں وائرس کی وجہ سے 199 اموات ہو چکی ہیں۔
مہاراشٹرا میں 97 اموات ہوئی ہیں اور وہ ملک میں بدترین متاثر ریاست ہے۔ مرکزی وزارت صحت نے کہا کہ ریاست میں کوویڈ 19 کے 1364 مریض ہیں اور 125 افراد کو فارغ کردیا گیا ہے۔
اس کے بعد تامل ناڈو 863 کوویڈ 19 کیسوں اور 8 اموات کے ساتھ دوسرے نمبر ہے اور اس کے بعد دہلی۔ قومی دارالحکومت میں 720 واقعات رپورٹ ہوئے جن میں سے 25 افراد صحت یاب ہوئے ہیں اور 12 اموات ہوچکی ہیں۔
حکومت نے کنٹینمنٹ زون کی تعداد میں توسیع کرکے کورونا وائرس سے لڑنے کی کوششوں کو مزید تیز کردیا ہے۔ لوگ باہر نہیں نکل سکتے، دکانیں اور بینکوں کو بند ہی رہنا پڑے گا اور ان کنٹینمنٹ زونوں میں کلسٹرز میں داخلے اور وہاں سے باہر نکلنے کو سیل کردیا گیا ہے۔
انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ (آئی سی ایم آر) نے بھی اپنی جانچ کی حکمت عملی پر نظر ثانی کی ہے اور کہا ہے کہ کوویڈ 19 کے ہاٹ سپاٹس یا کلسٹر علاقوں میں بخار، کھانسی، گلے کی سوزش اور ناک بہنے جیسے علامات کے حامل ہر شخص کی جانچ کی جائے گی۔