کورونا وائرس: متاثرین کی تعداد 42000 کے ہندسے کو عبور کر گئی، 1373 اموات

نئی دہلی، مئی 4: ہندوستان میں کورونا وائرس کے معاملات نے 42،000 کے ہندسے کو عبور کر لیا ہے۔ آج صبح تک وزارت صحت کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق ملک میں کوویڈ 19 سے متاثرین کی تعداد 42،553 ہو گئی ہے۔ ملک بھر میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2،553 نئے انفیکشن اور 72 اموات ہوئیں۔

اس وقت ملک میں 29،453 فعال معاملات ہیںِ، 1،373 اموات ہوئی ہیں، جب کہ قریب 12،000 مریض (11،706) ملک بھر کے اسپتالوں میں صحت یاب ہوئے ہیں۔

جہاں کورونا وائرس سے صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد بڑھ رہی ہے، وہیں ہندوستانی حکومت نے بھی اپنی جانچ کی صلاحیت میں اضافہ کردیا ہے۔ ہفتہ کے روز ہندوستان میں کورونا وائرس کے ٹیسٹوں کی کل تعداد 10 لاکھ سے تجاوز کرگئی۔ بھارت نے 40 دن کے لاک ڈاؤن کے اندر یومیہ جانچ کی صلاحیت میں لگ بھگ پانچ گنا اضافہ کرنے کا کارنامہ انجام دیا ہے۔

آئی سی ایم آر کے ایک عہدیدار نے خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کو بتایا ’’آئی سی ایم آر روزانہ جانچ کی سطح تقریباً 70،000 تک پہنچا چکا ہے اور اس نے ہفتے کی شام تک 10،40،000 ٹیسٹ کیے ہیں۔‘‘

اعداد و شمار کے مطابق کوویڈ 19 کے تقریباً 85 فیصد ٹیسٹ سرکاری لیبز میں کیے گئے ہیں۔31 مارچ تک ملک میں کورونا وائرس کے لیے مجموعی طور پر 47،852 نمونوں کی جانچ کی گئی تھی۔ پی ٹی آئی کی خبر کے مطابق 30 اپریل تک یہ تعداد 9،02،654 نمونوں تک پہنچ گئی۔ یکم مئی سے سنیچر کی شام تک ملک بھر میں 1،37،346 ٹیسٹ کیے گئے تھے۔

وزارت صحت کو امید ہے کہ اگلے ہفتے تک روزانہ ایک لاکھ ٹیسٹ کروانے کی صلاحیت حاصل ہوجائے گی۔

پیر کے روز ملک بھر میں کورونا وائرس لاک ڈاؤن کے تیسرے مرحلے میں جزوی نرمیاں کی گئی ہیں۔

مختلف ریاستوں میں لاک ڈاون پابندیاں اور نرمی کوویڈ 19 کے واقعات پر مبنی ہوں گی۔ ملک کے تمام اضلاع کو اسی بنیاد پر ‘ریڈ’، ‘اورینج‘ اور ‘گرین’ زونز میں بانٹا گیا ہے۔