کورونا وائرس: روز ہو رہا ہے متاثرین کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ، معاملات کی مجموعی تعداد 1,25,101 سے تجاوز

نئی دہلی، 23 مئی: گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں ناول کورونا وائرس کے انفیکشن کی تعداد میں سب سے زیادہ اضافہ دیکھنے میں آیا، جس کے بعد آج صبح تک یہ تعداد 1،25،101 ہوگئی، جب کہ وبائی مرض کی وجہ سے اموات کی تعداد بڑھ کر 3،720 ہوگئی۔ مرکزی وزارت صحت نے بتایا کہ گذشتہ ایک دن میں 137 مزید اموات ہوئی ہیں۔

وزارت کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق کورونا وائرس کے فعال واقعات کی تعداد بڑھ کر 69،597 ہوگئی، جب کہ اب تک 51،783 افراد صحت یاب بھی ہوئے ہیں اور ایک مریض ہجرت کرگیا ہے۔

گذشتہ روز ہونے والی 137 نئی اموات میں سے 63 مہاراشٹر میں، گجرات میں 29، دہلی اور اتر پردیش میں 14-14، مغربی بنگال میں چھ، تمل ناڈو میں چار، راجستھان، مدھیہ پردیش اور آندھرا پردیش میں دو دو اور ہریانہ میں ایک موت ہوئی۔

وزارت نے بتایا کہ تقریباً 80 فیصد فعال معاملات محض پانچ ریاستوں مہاراشٹر، تمل ناڈو، گجرات، دہلی اور مدھیہ پردیش میں ہیں۔