کورونا وائرس: دہلی حکومت نے انفیکشن کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے پرائمری اسکولوں کو 31 مارچ تک بند رکھنے کا حکم دیا
نئی دہلی، 5 مارچ: دہلی کے نائب وزیر اعلی منیش سسودیا نے جمعرات کے روز اعلان کیا ہے کہ خطرناک کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے احتیاطی اقدام کے طور پر قومی دارالحکومت میں تمام پرائمری اسکول 31 مارچ تک بند رہیں گے۔ اب تک ہندوستان میں اس بیماری کے تیس واقعات کی تصدیق ہوچکی ہے۔
سسودیا نے کہا کہ دہلی میں تمام سرکاری، امداد یافتہ، نجی اور میونسپل پرائمری اسکول رواں ماہ کے لیے بند کردیے جائیں گے۔
As a precautionary measure to prevent the possibility of spread of COVID-19 amongst our children, Delhi Government has directed immediate closure of all primary schools (Govt/ aided/ private/MCD/NDMC) till 31/3/20
— Manish Sisodia (@msisodia) March 5, 2020
انفیکشن کی وجہ سے خوف و ہراس پھیلتے ہی مرکز نے جمعرات کو کہا کہ ملک میں آئندہ تین ماہ تک کورونا وائرس سے لڑنے کے لیے خام اجزا یا دوائیوں کی کمی نہیں ہے۔ کیمیکلز اور کھاد کے وزیر ڈی وی سدانند گوڑا نے کہا کہ ملک میں بیماری کا کوئی اثر نہ ہونے کو یقینی بنانے کے لیے تمام اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔
پارلیمنٹ میں مرکزی وزیر صحت ہرش وردھن نے ممبروں کو یقین دلایا کہ وزیر اعظم نریندر مودی ہندوستان کی صورت حال کی ذاتی طور پر نگرانی کر رہے ہیں۔ انھوں نے کہا ’’صورت حال پر نظر رکھنے کے لیے وزرا کا ایک گروپ تشکیل دیا گیا ہے۔ ریاستوں کے ساتھ ہر دوسرے دن ویڈیو کانفرنسیں ہو رہی ہیں۔‘‘
وزیر نے اس بات کا اعادہ کیا کہ حکومت اس وائرس پر قابو پانے کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھا رہی ہے۔ دریں اثنا وزیر اعظم مودی نے اس مہینے کے آخر میں کورونا وائرس پھیلنے کے تناظر میں ہندوستان-یورپی یونین سمٹ کے لیے برسلز کا اپنا دورہ منسوخ کردیا۔
غازی آباد میں کورونا وائرس کا ایک اور کیس پتہ چلا ہے، جس کے بعد ہندوستان میں اس کے متاثرین کی کل تعداد 30 ہو گئی۔