کورونا وائرس: جھارکھنڈ حکومت نے آبی ذخائر میں چھٹ پوجا کرنے پر پابندی لگائی

رانچی، 16 نومبر: اے این آئی کے مطابق جھارکھنڈ کی حکومت نے آج کورونا وائرس کے بحران کے پیش نظر آبی ذخائر میں چھٹ پوجا کی تقریبات پر پابندی عائد کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔

حکومت نے کہا کہ اس نے یہ حکم اس لیے جاری کیا ہے، کیوں کہ رسومات ادا کرتے ہوئے فاصلہ برقرار رکھنا ناممکن ہوتا۔

بیان میں کہا گیا ہے ’’لہذا عوامی تالابوں/ندیوں/جھیلوں/ڈیموں/حوضوں کے پانیوں میں چھٹ پوجا کی اجازت نہیں ہوگی، تا کہ کوویڈ 19 انفیکشن کے پھیلاؤ کے امکانات کو کم سے کم کیا جاسکے۔‘‘

آبی ذخائر کے قریب اسٹال لگانے پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے۔ اور پٹاخے پھوڑنے کی بھی اجازت نہیں ہے۔

اس سال 20 نومبر کو چھٹ پوجا منائی جائے گی، جس میں لوگ دریاؤں اور جھیلوں میں کھڑے ہوکر رسومات ادا کرتے ہیں۔

مرکزی وزارت صحت کے مطابق جھارکھنڈ میں اب تک 1 لاکھ سے زیادہ کورونا متاثرین سامنے آئے ہیں اور 924 اموات کی اطلاع ملی ہے۔

پی ٹی آئی کی خبر کے مطابق دہلی حکومت نے بھی کورونا وائرس کے معاملات میں تیزی سے اضافے کے درمیان گذشتہ ہفتے مندروں اور دریا کے کنارے چھٹ پوجا کی تقریبات پر پابندی عائد کردی تھی۔

ملک میں آج 30،548 نئے کورونا وائرس کیسز سامنے آئے ہیں، جس کے بعد متاثرین کی مجموعی تعداد 88،45،127 تک جا پہنچی ہے۔ وہیں مزید 435 اموات کے ساتھ ہلاکتوں کی تعداد 1،30،070 کا ہندسہ عبور کر گئی۔ فعال مقدمات کی تعداد 4،65،478 ہے، جب کہ 82،49،579 افراد اس بیماری سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔