کورونا وائرس: ایک دن میں سامنے آئے 17000 سے زیادہ معاملات، مجموعی طور پر ہلاکتوں کی تعداد بھی 15000 سے زیادہ
نئی دہلی، جون 26: وزارت صحت کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق آج صبح تک گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے ریکارڈ 17،296 نئے معاملات سامنے آنے کے بعد ملک بھر میں متاثرین کی مجموعی تعداد 490،401 تک جا پہنچی ہے۔ یہ نئے معاملات کی تعداد میں اب تک کا سب سے بڑا یک روزہ اضافہ ہے۔ اس دوران 407 مزید اموات کے ساتھ ہلاکتوں کی تعداد بھی 15،301 کا ہندسہ عبور کر چکی ہے۔
اب تک 2.8 لاکھ سے زیادہ افراد اس مرض سے صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔
جان ہاپکنز یونی ورسٹی کے ٹریکر کے مطابق عالمی سطح پر کورونا وائرس نے 95.83 لاکھ سے زیادہ افراد کو متاثر کیا ہے اور اب تک 4،88،740 افراد کی جانیں لی ہیں۔ وہیں دنیا بھر میں اب تک 48.2 لاکھ سے زیادہ افراد صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔