کنگ فیصل ایوارڈ :2025 عالمی دانش وروں کی خدمات کا اعتراف

اسلامی علوم، طب اور سائنس میں کنگ فیصل ایوارڈ یافتگان کا انتخاب

0

ریاض: (دعوت نیوز ڈیسک)

علم و تحقیق اور انسانیت کی خدمت کے اعتراف میں دنیا بھر سے منتخب شخصیات کو 2025 کے کنگ فیصل ایوارڈز سے نوازا گیا۔ یہ با وقار ایوارڈ جو 1977 میں قائم ہوا اور پہلی بار 1979 میں دیا گیا، ان افراد کو پیش کیا جاتا ہے جنہوں نے اپنے اپنے شعبوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہو۔ اس سال کے ایوارڈز سعودی عرب، کینیڈا اور جاپان کے ماہرین کو مختلف شعبوں میں دیے گئے، جنہوں نے اپنی تحقیق اور خدمات کے ذریعے عالمی سطح پر علم و انسانیت کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
اسلامی مطالعات میں ایوارڈ یافتگان
اسلامی مطالعات کے شعبے میں 2025 کا کنگ فیصل ایوارڈ مشترکہ طور پر کنگ سعود یونیورسٹی کے دو پروفیسرز، پروفیسر سعد عبدالعزیز الراشد اور پروفیسر سعید فائز السعید کو دیا گیا۔
پروفیسر سعد عبدالعزیز الراشد نے عرب جزیرہ نما کے اسلامی آثار قدیمہ اور قدیم کتبوں پر تحقیق کے میدان میں غیر معمولی کام کیا ہے۔ ان کی تحقیق نے نہ صرف اسلامی تہذیب کی تاریخ کو نئی روشنی بخشی بلکہ آئندہ نسلوں کے محققین کے لیے ایک مضبوط سائنسی بنیاد فراہم کی۔ ان کے کام کو اسلامی تہذیب کے عملی ماخذ کے طور پر تسلیم کیا جاتا ہے جو جدید سائنسی مطالعات کے لیے ایک سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔
پروفیسر سعید فائز السعید نے اپنی منفرد اور تخلیقی تحقیق سے عرب جزیرہ نما کی قبل از اسلام کی تہذیبوں کو سمجھنے میں مدد دی۔ ان کے تقابلی مطالعے جو مختلف زبانوں میں شائع ہوئے ہیں قدیم تحریروں اور کتبوں کے تجزیے پر مبنی ہیں۔ ان کا کام عرب جزیرہ نما اور مشرقِ قریب کی تہذیبوں کے بارے میں مزید گہرائی سے تحقیق کا ایک قیمتی حوالہ ہے۔
طب کے شعبے میں ایوارڈ
2025 کا کنگ فیصل ایوارڈ برائے طب کینیڈا کے معروف سائنسدان ڈاکٹر مائیکل سیڈلین کو دیا گیا۔ ڈاکٹر سیڈلین نے جو میموریل سلون کیٹرنگ کینسر سینٹر کے سیل انجینئرنگ سینٹر کے ڈائریکٹر ہیں، CAR-T تھراپی کے میدان میں انقلابی پیش رفت کی۔انہوں نے ایک ایسی کارٹ سیل تھراپی تیار کی جو خون کے سرطان کے علاج میں حیرت انگیز طور پر مؤثر ثابت ہوئی۔ ان کی تحقیق نے CAR-T سیل تھراپی کی افادیت کو مزید بہتر بنانے کے لیے نئی راہیں کھولیں اور علاج کی مزاحمت پر قابو پانے کی حکمت عملی تیار کی۔ ان کے طریقہ کار کو سخت رسولیوں اور آٹوامیون بیماریوں کے علاج کے لیے بھی مؤثر قرار دیا جا رہا ہے۔
سائنس کے شعبے میں ایوارڈ
2025 میں سائنس کے شعبے میں کنگ فیصل ایوارڈ جاپان کے ممتاز طبیعیات دان پروفیسر سومیو ایجیما کو دیا گیا۔ پروفیسر ایجیما نے کاربن نینوٹیوبز کی دریافت سے نینو ٹیکنالوجی میں انقلاب برپا کیا۔
ان کی تحقیق نے سائنس اور بنیادی طبیعیات میں نئی راہیں کھولیں جن کے عملی اطلاقات الیکٹرانکس، توانائی ذخیرہ کرنے کے نظام اور بایومیڈیسن میں کامیابی سے جاری ہیں۔ ان کی دریافت نے جدید نینو ٹیکنالوجی کو نہ صرف فروغ دیا بلکہ عالمی سطح پر سائنسی ترقی میں ایک نئی جہت کا اضافہ کیا۔
عربی زبان و ادب اور خدمتِ اسلام کے ایوارڈز
عربی زبان و ادب کے شعبے میں 2025 کا ایوارڈ کسی بھی امیدوار کو نہیں دیا گیا، کیونکہ نامزد کام ایوارڈ کے مقررہ معیار پر پورا نہیں اتر سکے۔ تاہم، خدمتِ اسلام کے لیے ایوارڈ کا اعلان جنوری کے آخر تک کیا جائے گا۔
کنگ فیصل ایوارڈ: ایک نظر میں
کنگ فیصل ایوارڈ کا مقصد ان شخصیات کی خدمات کو سراہنا ہے جنہوں نے علم، تحقیق اور انسانیت کی خدمت میں غیر معمولی کردار ادا کیا ہو۔ یہ ایوارڈ اسلامی دنیا کی علمی اور تحقیقی ترقی کو فروغ دینے کے عزم کا مظہر ہے۔
اس دوران 2026کے ایوارڈز کے لیے نامزدگیوں کا عمل شروع کر دیا گیا ہے، جو عالمی سطح پر بہترین ذہنوں کی تلاش اور ان کی حوصلہ افزائی کی مہم کا حصہ ہے۔
***

 

***

 


ہفت روزہ دعوت – شمارہ 19 جنوری تا 25 جنوری 2024