کسان رہنماؤں کا کہنا ہے کہ وہ وزیر زراعت اور وزیر اعظم مودی سے ملاقات کرنا چاہتے ہیں
نئی دہلی، 14 اکتوبر: آج دہلی میں دوپہر کے لگ بھگ وزارت زراعت کے عہدیداروں کے ساتھ طے شدہ ملاقات سے قبل کسان تنظیموں کے نمائندوں نے کہا ہے کہ وہ وزیر اعظم اور وزیر زراعت سے ملنا چاہیں گے تاکہ تینوں متنازعہ زراعت سے متعلق قوانین کے بارے میں اپنے خیالات ان کے سامنے رکھیں۔
کسانوں کے بیشتر رہنماؤں نے کہا کہ وہ سیکرٹری براے زراعت کے سامنے اپنے خیالات کا اظہار کریں گے جنھوں نے یہ اجلاس بلایا ہے۔
کسانوں کے نمائندے ڈاکٹر درشن پال اور کلونت سنگھ نے کہا ’’ہم اس میٹنگ کے لیے آرہے ہیں کیوں کہ ہم یہ تاثر نہیں دینا چاہتے تھے کہ کسان بات چیت کے لیے تیار نہیں ہیں۔ یہ سب حکومت پر منحصر ہے کہ آیا وہ اس معاملے کو حل کرنے پر راضی ہے یا نہیں۔ ہم وزیر اعظم اور وزیر زراعت سے بھی ملنا چاہتے ہیں۔‘‘
واضح رہے کہ متنازعہ فارم قوانین کے خلاف احتجاج کرنے والی پنجاب کی کسان تنظیمیں منگل کے روز مرکز سے بات چیت کرنے پر رضامند ہوگئیں۔
منگل کے روز 29 تنظیموں کے نمائندوں نے ملاقات کی اور مرکز کی دعوت قبول کرنے کا فیصلہ کیا۔ بھارتیہ کسان یونین (ایکتا اُگرہن)، جو الگ الگ جگہ مظاہرے کر رہی ہے، نے بھی محکمۂ زراعت کے ساتھ اس میٹنگ کا حصہ بننے پر اتفاق کیا ہے۔
تاہم یونینوں نے احتجاج جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔