کرناٹک : کالج کی طالبات کا فحش ویڈیو ز پوسٹ کرنے والا اے بی وی پی لیڈر گرفتار

کانگریس کی طلبہ یونین این ایس یو آئی کی شکایت پر پولیس نے کی کارروائی،فحش ویڈیو کے ذریعہ بلیک میل کرنے کا بھی الزام

نئی دہلی ،20جون :۔
کرناٹک پولیس نے اکھل بھارتیہ ودیارتھی پریشد (اے بی وی پی) کے ایک کارکن کو شیو موگا ضلع سے سوشل میڈیا پر کالج کی لڑکیوں کی فحش ویڈیوز پوسٹ کرنے کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔اے بی وی پی آر ایس ایس کی طلبہ تنظیم ہے ۔پولیس نے پیر کو ایک بیان میں کہا کہ ملزم پرتیک گوڑا اے بی وی پی کی تیرتھہلی یونٹ کا صدر تھا۔
رپورٹ کے مطابق پولیس نے بتایا کہ ویڈیو میں اس کی کالج کی کئی طالبات کے ساتھ قابل اعتراض فحش فوٹیج موجود ہے، انہوں نے مزید کہا کہ اسے اتوار کو گرفتار کیا گیا اور عدالتی تحویل میں بھیج دیا گیا۔ پولیس نے بتایا کہ ملزم پر کالج کی بھولی بھالی اسٹوڈنس کی عریاں تصاویر اور ویڈیوز بنانے اور انہیں بلیک میل کرنے کا الزام ہے۔
انڈیا ٹوڈے کی ایک رپورٹ کے مطابق، الزام ہے کہ شیواموگا کے تھرتھہلی علاقے کے رہنے والے اے بی وی پی لیڈر اور بی جے پی کارکن پرتیک گوڑا نے کئی لڑکیوں کو ویڈیو کالز کیں۔ اس دوران اس نے لڑکیوں کے ساتھ فحش حرکات کیں اور تمام لڑکیوں کی ویڈیو ریکارڈ کر لی۔ الزام ہے کہ گزشتہ ہفتے ان میں سے ایک ویڈیو پرتیک کے موبائل فون سے سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کیا گیا تھا۔ جیسے ہی یہ ویڈیو شیئر کیا گیا، یہ پورے شیموگا ضلع میں وائرل ہوگیا۔


کانگریس کا طلبہ ونگ نیشنل اسٹوڈنٹ یونین آف انڈیا (این ایس یو آئی) کو تیرتھہلی یونٹ کو یہ ویڈیو موصول ہوا تو اس کے لیڈروں نے پرتیک گوڑا کے خلاف پولیس میں شکایت درج کرائی۔ پولیس سے فوری کارروائی کا مطالبہ۔ پولیس حکام کے مطابق اس شکایت میں یہ بھی الزام لگایا گیا ہے کہ پرتیک گوڑا ریکارڈ شدہ ویڈیوز کے ذریعے لڑکیوں کو بلیک میل کرتا تھا۔پولیس نے ملزم کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا ہے۔ اس واقعہ کے بارے میں شیواموگا پولیس نے میڈیا کو بتایا کہ ایک لڑکے کا کچھ لڑکیوں کے ساتھ فحش حرکات کرنے کا ویڈیو وائرل ہوا ہے۔ اس لڑکے کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور اب ایف آئی آر درج کر کے اسے جیل بھیجا جا رہا ہے۔
پولیس نے یہ بھی بتایا کہ اس ویڈیو کو لوگوں کے ساتھ میسنجر پر بھی شیئر کیا جا رہا ہے۔ شیوموگا پولیس نے لوگوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ اسے آگے نہ بھیجیں، ورنہ ویڈیو شیئر کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔