کرناٹک:  ٹیپو سلطان کے نام پر ایئر پورٹ کا نام رکھنے کی تجویز اسمبلی سے پاس

  بی جے پی  نے ایوان میں ناراضگی کا اظہار کیا  

نئی دہلی ،16دسمبر :۔

کرناٹک میں ایک بار پھر ٹیپو سلطان  پر سیاست گرم ہے۔ ریاست میں برسراقتدار کانگریس کے ایک رکن اسمبلی نے مندکلی ہوائی اڈہ کا نام  ٹیپو سلطان کے نام پر رکھنے کی تجویز پیش کی ہے۔ اسمبلی سے یہ تجویز جمعرات کو اتفاق رائے سے پاس ہو گیا۔ اس عمل سے بی جے پی میں شدید ناراضگی ہے۔

قابل ذکر ہے کہ ٹیپو سلطان کے نام پر ہوائی اڈے کے علاوہ متعدد ایئر پورٹ کا نام بھی مشہور ہستیوں کے نام پر کرنے کی تجویز پاس ہوئی ہے۔  ایک رپورٹ کے مطابق تجویز میں کہا گیا ہے کہ ہبلی ہوائی اڈے کا نام کرانتی ویرا سنگولی راینّا، بیلگاوی ہوائی اڈہ کا نام کتّور رانی چینما، شیوموگا ہوائی اڈے کا نام ڈاکٹر کے وی پوٹپا (کویمپو) اور وجئے پورہ ہوائی اڈہ کا نام شری جگ جیوتی بسویشور ہونا چاہیے۔

ہبلی-دھارواڑ (مشرق) اسمبلی حلقہ سے منتخب پرساد ابیّا نے ہوائی اڈہ کے نام بدلنے پر بحث کے دوران کہا کہ ’’میں میسورو ہوائی اڈہ کا نام ٹیپو سلطان ہوائی اڈہ کرنے کی تجویز پیش کرتا ہوں۔‘‘ کانگریس لیڈر کے اس بیان کے بعد اپوزیشن پارٹی بی جے پی نے احتجاجی مظاہرہ شروع کر دیا۔

یادرہے کہ کرناٹک میں ٹیپو سلطان کے نام پر تنازعہ کوئی نئی بات نہیں ہے۔ اس کی شروعات 10 نومبر 2016 کو اس وقت ہوئی تھی جب سدارمیا کی قیادت والی اس وقت کی کانگریس حکومت نے ٹیپو سلطان کا یومِ پیدائش منایا تھا اور بی جے پی نے اس پر شدید ناراضگی کا اظہار کیا تھا۔ تب سے ووٹرس کو پولرائز کرنے کے لیے کرناٹک اور پڑوسی ریاست مہاراشٹر میں بی جے پی اور دایاں محاذ تنظیمیں بار بار ٹیپو سلطان کی شخصیت مجروح کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔