کانگریس نے رنجن گوگوئی کی راجیہ سبھا کے لیے نامزدگی پر سوال اٹھائے

نئی دہلی، 17 مارچ: کانگریس نے راجیہ سبھا امیدوار کی حیثیت سے سابق چیف جسٹس آف انڈیا رنجن گوگوئی کی نامزدگی پر سخت تنقید کی۔ خبروں کا حوالہ دیتے ہوئے کانگریس کے ترجمان رندیپ سنگھ سرجے والا نے حکومت کے اس اقدام پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا ’’جسٹس لوکور نے بجا طور پر اس کا خلاصہ پیش کیا ہے- کیا آخری گڑھ گر گیا ہے؟‘‘

جسٹس لوکور، جنھوں نے اس اقدام پر تنقید کی ہے، وہ اس وقت کے سینئر ججوں کے اس گروپ کا حصہ تھے جنھوں نے جنوری 2018 میں اس وقت کے چیف جسٹس دیپک مشرا کو ہٹانے کے لیے ایک بے مثال پریس کانفرنس طلب کی تھی۔ تاہم ستم ظریفی یہ ہے کہ سابق چیف جسٹس گوگوئی بھی اس پریس کانفرنس کا حصہ تھے۔

ایک اور ٹویٹ میں سرجے والا نے کہا: "کیا وزیر اعظم مودی نے سابق چیف جسٹس رنجن گوگوئی کی راجیہ سبھا کے لیے سفارش کرنے سے پہلے اپنے سابق ساتھی اور وزیر قانون و وزیر خزانہ ارون جیٹلی کے مشورے پر غور کیا؟”

جیٹلی نے ایک بار کہا تھا کہ فیصلے ریٹائرمنٹ کے بعد کی ملازمتوں سے متاثر ہوتے ہیں۔ پیر کے روز سابق چیف جسٹس گوگوئی کو ہندوستان کے صدر نے راجیہ سبھا کے لیے نامزد کیا ہے۔