چین ہندوستان کے لیے پاکستان سے بڑا خطرہ ہے: شرد پوار
ممبئی، جولائی 12: چین کے ساتھ سرحدی تناؤ کے درمیان این سی پی کے صدر شرد پوار نے کہا ہے کہ ہندوستان کے لیے ’’چین پاکستان سے بڑا خطرہ ہے۔‘‘
سابق وزیر دفاع نے کہا کہ چین کی فوجی طاقت ہندوستان سے ’’دس گنا زیادہ‘‘ ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ بیجنگ نے ہندوستان کے ہمسایہ ممالک کو بھی ہندوستان کے خلاف کر دیا ہے۔
مسٹر پوار نے شیو سینا کے ترجمان ’’سامنا‘‘ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہا کہ مرکز کو مذاکرات اور سفارتی تعلقات کے ذریعے چین پر بین الاقوامی دباؤ ڈالنے کی کوشش کرنی چاہیے۔
انھوں نے کہا ’’جب ہم کسی دشمن کے بارے میں سوچتے ہیں تو پہلا نام جو ہمارے ذہن میں آتا ہے وہ پاکستان کا ہے۔ لیکن ہمیں پاکستان کی فکر کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ اس طویل مدت میں چین ہی ہے جس کے پاس ہندوستانی مفادات کے خلاف کام کرنے کی طاقت، وژن اور پروگرام موجود ہے۔ چین ہندوستان کے لیے ایک بڑا خطرہ ہے۔‘‘
انھوں نے مزید کہا ’’ہندوستان کو اصل خطرہ چین سے ہے جو معاشی طور پر مضبوط ہوچکا ہے۔‘‘
گذشتہ ماہ لداخ میں وادی گلوان میں چینی اور ہندوستانی فوجیوں کے مابین تصادم کے بارے میں پوچھے جانے پر مسٹر پوار نے کہا ’’جب میں کہتا ہوں کہ اس معاملے پر سیاست نہیں ہونی چاہیے تو اس کی وجہ یہ ہے کہ ہم ان پر حملہ کرسکتے ہیں، لیکن جب اس حملے پر جوابی کارروائی ہوگی ہے تو پورے ملک کو بھاری قیمت ادا کرنی پڑے گی۔‘‘
انھوں نے کہا ’’ہمیں حملہ کرنے کے بجائے مذاکرات اور سفارتی تعلقات کے ذریعے چین پر بین الاقوامی دباؤ ڈالنے کی کوشش کرنی چاہیے۔‘‘
مسٹر پوار نے کہا کہ چین صرف پاکستان ہی نہیں بلکہ نیپال، بنگلہ دیش اور سری لنکا جیسے ممالک کو بھی بھارت کے خلاف کرچکا ہے۔