چار مہینے کے اندر بن جائ گا رام مندر: امت شاہ

بی جے پی کے قومی صدر امت شاہ نے جھارکھنڈ اسمبلی الیکشن کے مد نظر پاکوڑ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے رام مندر تعمیر سے متعلق ایک بڑا بیان دیا ہے۔ امت شاہ نے کہا کہ 4 مہینے کے اندر ایودھیا میں رام مندر بننے جا رہا ہے۔ انھوں نے واضح لفظوں میں کہا کہ ابھی کچھ وقت پہلے ہی سپریم کورٹ نے ایودھیا کے لیے فیصلہ سنایا۔ 100 سالوں سے دنیا بھر کے ہندوستانیوں کا مطالبہ تھا کہ وہاں رام جنم بھومی پر عظیم الشان رام مندر بننا چاہیے۔ رام مندر کے دہائیوں پرانے مطالبہ کا تذکرہ کرتے ہوئے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا کہ ہر کوئی رام مندر کی تعمیر چاہتا تھا، لیکن کانگریس اور اس کے وکیل عدالت میں اس کے سامنے رخنہ پیدا کرتے رہتے تھے۔ شاہ نے کہا کہ ’’کانگریس کے لیڈر اور وکیل کپل سبل عدالت میں کہتے تھے کہ ابھی کیس مت چلائیے، کیوں بھائی آپ کے پیٹ میں درد کیوں ہو رہا ہے؟‘‘

بی جے پی نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر بھی امت شاہ کا رام مندر سے متعلق بیان ٹوئٹ کیا ہے۔ اس میں لکھا گیا ہے کہ ’’میں آپ سے کہنا چاہتا ہوں کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ آ گیا ہے، 4 ماہ کے اندر آسمان کو چھوتا ہوا عظیم الشان رام مندر ایودھیا میں بننے جا رہا ہے۔‘‘