چار سال سے زیر حراست شرجیل امام کی ضمانت کی درخواست خارج
نئی دہلی،18فروری :۔
قومی دارالحکومت کی عدالت نے ہفتے کے روز گزشتہ چار سال سے زیر حراست طالب علم رہنما شرجیل امام کی ضمانت کی درخواست پھرمسترد کر دی، جس میں انہوں نے اس بنیاد پر راحت کا مطالبہ کیا تھا کہ وہ گزشتہ چار سال سے زیر حراست ہیں، جو کہ مقررہ ایکٹ میں زیادہ سے زیادہ سزا کے نصف سے زیادہ کا عرصہ ہے ۔ عدالت نے کہا کہ موجودہ مقدمہ شرجیل امام کے خلاف الزامات کی نوعیت اور ان کی "تباہ کن سرگرمیوں” کی وجہ سے دوسرے مقدمات سے "مختلف” ہے۔
ایڈیشنل سیشن جج سمیر باجپئی ضابطہ فوجداری کے سیکشن 436 اے کے تحت امام کی ضمانت کی درخواست پر سماعت کر رہے تھے۔ امام نے کہا کہ وہ 28 جنوری 2020 سے حراست میں ہیں، حالانکہ اگر غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام) ایکٹ کے سیکشن 13 کے تحت قصوروار پایا جاتا ہے، تو اس جرم کی زیادہ سے زیادہ سزا سات سال ہے۔
سی آر پی سی کی دفعہ 436-A کے مطابق، اگر کوئی شخص جرم کے لیے مقرر کردہ زیادہ سے زیادہ سزا کے نصف سے زیادہ کاٹ چکا ہے، تو اسے حراست سے رہا کیا جا سکتا ہے۔تاہم، عدالت نے اس بات پر زور دیا کہ دفعات کے مطابق، استغاثہ کے کیس کی سماعت کے بعد "غیر معمولی حالات” میں ملزم کی تحویل میں مزید مدت کے لیے توسیع کی جا سکتی ہے۔عدالت نے کہا، "درخواست گزار (امام) کی مبینہ حرکتوں پر غور کرتے ہوئے، عدالت کا خیال ہے کہ کیس کے حقائق عام نہیں ہیں اور ان سے مختلف ہیں جو کسی اور کیس میں ہوسکتے ہیں”۔
چارج شیٹ میں امام کے خلاف الزامات کا نوٹس لیتے ہوئے عدالت نے کہا کہ اس نے دہلی، علی گڑھ، آسنسول اور چک بند میں مختلف تقاریر کیں، جس سے لوگ مشتعل ہوئے اور بالآخر دہلی کے مختلف حصوں میں فرقہ وارانہ فسادات رونما ہوئے۔