پی ایم کے بیان پر تنقید کرنے والے بی جے پی رہنما عثمان غنی پارٹی سے اخراج کے بعد اب گرفتار
نئی دہلی ،28 اپریل :۔
وزیر اعظم نریندر مودی کے ذریعہ راجستھان کے بانسواڑہ میں مسلمانوں کو در انداز کہے جانے پر تنقید کرنے والے بی جے پی کے مسلم رہنما عثمان غنی کو پہلے تو چھ سال کے لئے پارٹی سے معطل کر دیا گیا لیکن اسی پر پارٹی نے بس نہیں کہ بلکہ اب انہیں گرفتار کر لیا گیا ہے۔بھارتیہ جنتا پارٹی کے بیکانیر اقلیتی مورچہ کے ضلع صدر عثمان غنی کو پولیس نے ہفتہ کی صبح گرفتار کر لیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق بیکانیر کے مکتا پرساد پولیس اسٹیشن کے انچارج دھیریندر سنگھ نے بتایا کہ دو دن پہلے جب وہ دہلی میں تھے، تو پولیس کی ایک گاڑی ان کے گھر کے قریب گئی تھی۔ پولیس اہلکاروں کے ساتھ جو رکاوٹیں کھڑی کر رہے تھے وہ الجھ گئے جس کے بعد عثمان غنی کو سی آر پی سی کی دفعہ 151 (امن کی خلاف ورزی) کے تحت گرفتار کیا گیا ہے۔تاہم اسٹیشن انچارج نے یہ نہیں بتایا کہ پولیس کی گاڑی دو روز قبل عثمان کے گھر کے قریب کیوں گئی تھی۔
عثمان غنی بی جے پی کی طرف سے بیکانیر ضلع اقلیتی مورچہ کے صدر تھے۔ انہوں نے تین دن قبل دہلی میں ایک ٹی وی چینل سے بات چیت میں نریندر مودی پر سوالات اٹھائے تھے۔عثمان غنی کا بیان نشر ہونے کے بعد بی جے پی نے انہیں پارٹی سے نکالنے کا خط جاری کیا۔ایک ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے عثمان غنی نے کہا تھا کہ ہم تین چار سیٹیں ہار رہے ہیں۔
واضح رہے کہ راجستھان کے بانسواڑہ میں مسلمانوں کے حوالے سے وزیر اعظم نریندر مودی کے بیان کے بارے میں عثمان نے کہا تھا کہ "مجھے ان کا بیان پسند نہیں آیا، یہ اکیلے نریندر مودی کی پارٹی نہیں ہے، سیکڑوں مسلمان بھارتیہ جنتا پارٹی سے وابستہ ہیں”۔عثمان غنی نے چینل کے ساتھ بات چیت میں مزید کہا تھا کہ ’’میں انہیں (نریندر مودی) کو ایک میل بھی لکھنے جا رہا ہوں کہ بہتر ہو گا کہ وہ ایسی فضول باتیں نہ کریں۔
پارٹی سے نکالے جانے کے بعد عثمان غنی نے اپنے ایک پوسٹ میں لکھا کہ "میرا وہ بیان جس کی بنیاد پر پارٹی کے ذمہ داروں نے مجھے بغیر نوٹس، میری بات سنے بغیر 6 سال کے لیے نکال دیا، اس پر کوئی پچھتاوا، کوئی افسوس نہیں ہے۔”