پونے میں اسرائیلی ظلم و بربریت کی حمایت میں شدت پسند ہندو تنظیموں کی ریلی
20 اکتوبر کو سوشل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا (SDPI) کی پونے یونٹ کی طرف سے منعقد کی گئی فلسطین حامی ریلی کے بعد نکالی گئی ہے
پونے ،13 نومبر :۔
مرکز میں بی جے پی کی موجودہ حکومت میں فلسطین کے تعلق سے دوہری پالیسی واضح طور پر نظر آرہی ہے ۔ایک طرف اقوام متحدہ میں اسرائیل کے خلاف قرار داد میں ہندوستان فلسطین کی حمایت میں کھڑا ہوتا ہے وہیں دوسری طرف ملک میں دائیں بازو کی شدت پسند تنظیموں اور خود بی جے پی رہنما اسرائلی ظلم و بربریت کی حمایت میں کھلے عام ریلی نکال رہے ہیں ۔تازہ معاملہ پونے میں شدت پسند دائیں بازو کی تنظیموں کی جانب سے اسرائیل کی حمایت میں نکالی گئی ریلی کا ہے ۔جہاں سیکڑوں افراد نے ہفتہ، 11 نومبر کو ‘پونے اسرائیل کے ساتھ کھڑا ہے ‘تحریر بینر کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے نکالی گئی ریلی میں حصہ لیا۔ یہ ریلی سرس باغ میں واقع ساورکر مجسمہ سے تلک روڈ پر نیو انگلش اسکول تک نکالی گئی ۔ ویراٹ ہندوستان سنگم، ہر گھر ساورکر سمیتی، اور ہند-اسرائیل فرینڈشپ فورم کے زیر اہتمام اس ریلی کا انعقاد کیا گیا ۔ ۔اس ریلی میں بڑی تعداد میں دائیں بازو کے نظریات کے حامل افراد نے شرکت کی ،انہوں نے ہندوستان اور اسرائیل فرینڈ شپ بینر اور ہند اسرائیل جھنڈے کے پوسٹر اٹھا رکھے تھے ۔
بتایا جا رہا ہے کہ یہ ریلی شدت پسندوں نے مسلم دشمنی میں نکالی ہے ۔گزشتہ 20 اکتوبر کو سوشل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا (SDPI) کی پونے یونٹ کی طرف سے فلسطین کی حمایت میں ریلی نکالی گئی تھی جس کے جواب میں انہوں نے یہ ریلی اسرائیلی ظلم کی حمایت کرتے ہوئے نکالی ہے ۔