پرشانت بھوشن نے اتر پردیش پولیس پر تنقید کرتے ہوئے اسے "ملک میں منظم فرقہ وارانہ مجرموں کا سب سے بڑا گروہ” قرار دیا

نئی دہلی، جنوری 21: اتر پردیش پولیس پر حملہ کرتے ہوئے سپریم کورٹ کے سینئر وکیل پرشانت بھوشن نے الزام لگایا ہے کہ یوپی پولیس "ملک میں فرقہ وارانہ مجرموں کا سب سے بڑا منظم گروہ” بن چکی ہے اور "ہندوستان کی سپریم کورٹ مکمل طور منہدم ہوگئی ہے۔۔”

منگل کے روز پریس کلب آف انڈیا میں متنازعہ شہریت قانون کے خلاف احتجاج کرنے پر قید کے ایک ماہ بعد عدالت کے احکامات پر رہائی منچ کے صدر محمد شعیب کی رہائی کے بعد رہائی منچ کے زیر اہتمام پریس کانفرنس میں میڈیا کے افراد سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے یہ الزامات لگائے۔

بھوشن نے یوپی پولیس پر جسٹس اے این ملا کے پہلے فیصلے کے حوالے سے تبصرہ کیا جس میں کہا گیا ہے کہ پولیس فورس ملک میں جرائم پیشہ افراد کا سب سے بڑا منظم گروہ ہے۔ اسے مزید پھیلاتے ہوئے بھوشن نے الزام لگایا کہ "یوپی پولیس ملک میں فرقہ وارانہ مجرموں کا سب سے بڑا منظم گروہ ہے”۔ انھوں نے مظفر نگر، میرٹھ، بجنور، علی گڑھ، لکھنؤ اور وارانسی میں سی اے اے کے خلاف مسلم مظاہرین کے خلاف وحشیانہ کارروائی کی وجہ سے یوپی پولیس پر فرقہ وارانہ ہونے کا الزام عائد کیا۔

سینئر وکیل نے ملک کی موجودہ صورت حال پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو 1975 میں ایمرجنسی کے دوران کی صورت حال سے زیادہ خوفناک صورت حال کا سامنا ہے۔

یہ کہتے ہوئے کہ ملک میں عدلیہ کی خاموشی تشویشناک ہے، بھوشن نے الزام لگایا کہ "ہندوستان کی سپریم کورٹ مکمل طور پر منہدم ہوگئی ہے”۔

 

رہائی منچ کے صدر محمد شعیب نے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کی سربراہی میں اتر پردیش کی حکومت پر انتقام کی سیاست کرنے کا الزام عائد کیا۔

انھوں نے الزام لگایا "گرفتاری کے بعد یوپی پولیس نے مجھے ذہنی طور پر اذیت دی۔ انھوں نے راجیو یادو کے بارے میں بھی مجھ سے پوچھ گچھ کی۔ مجھے یوپی پولیس کے ارادوں پر شدید شبہات ہیں کہ وہ راجیو یادو کو مارنا چاہتے ہیں۔”