پارلیمنٹ کی نئی عمارت کے افتتاح کا معاملہ پہنچا سپریم کورٹ
نئے پارلیمنٹ ہاؤس کا افتتاح صدر جمہوریہ سے کرانے کا مطالبہ کے سلسلے میں عرضی
نئی دہلی، 25 مئی
پارلیمنٹ کی نئی عمارت کا افتتاح کے سلسلے میں مرکزی حکومت اور اپوزیشن جماعتوں کے درمیان تنازعہ جاری ہے ،اپوزیشن کی 19 جماعتوں نے گزشتہ روز متحدہ طور پر پارلیمنٹ کی افتتاحی تقریب میں شرکت نہ کرتے ہوئے بائیکاٹ کا اعلان کر دیا ہے ۔دریں اثنا پارلیمنٹ کی نئی عمارت کے افتتاح کا معاملہ اب سپریم کورٹ پہنچ گیا ہے ۔ سپریم کورٹ میں ایک درخواست دائر کی گئی ہے جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ صدر جمہوریہ پارلیمنٹ کی نئی عمارت کا افتتاح کریں۔ یہ عرضی سپریم کورٹ کے ہی ایک وکیل سی آر جیا سکین نے دائر کی ہے۔
عرضی گزار نے عدالت سے لوک سبھا سکریٹریٹ کو صدر جمہوریہ کے ذریعہ نئی پارلیمنٹ کی عمارت کے افتتاح کے لئے رہنما خطوط جاری کرنے کا مطالبہ کیا۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ صدر پارلیمنٹ کا لازمی حصہ ہیں۔ انہیں افتتاحی تقریب میں مدعو نہ کرنا آئینی اصولوں کے خلاف ہے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ آئین کے آرٹیکل 79 کے مطابق پارلیمنٹ صدر، لوک سبھا اور راجیہ سبھا کو ملا کر بنتا ہے۔ ایسے میں صدر مملکت کو اس افتتاحی تقریب سے دور رکھ کر ایک غیر آئینی فعل کیا گیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ پارلیمنٹ کی نئی عمارت کا افتتاح 28 مئی کو ہونے جا رہا ہے۔ اس کا افتتاح وزیر اعظم نریندر مودی کریں گے۔ اس وقت اپوزیشن کی 19 جماعتوں نے پارلیمنٹ ہاؤس کی نئی عمارت کی افتتاحی تقریب کے بائیکاٹ کا اعلان کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ افتتاح صدر جمہوریہ سے کرایا جائے۔