ٹی آر پی گھوٹالہ: ارنب گوسوامی اور بی اے آر سی کے سابق چیف ایگزیکیٹو کی واٹس ایپ چیٹس لیک، حیران کن انکشافات
نئی دہلی، 16 جنوری: ٹی آر پی گھوٹالہ کے معاملے میں ممبئی پولیس کی جانب سے دائر ایک ضمنی چارج شیٹ میں الزام لگایا گیا ہے کہ براڈکاسٹ آڈینس ریسرچ کونسل (بی اے آر سی) کے سابق چیف ایگزیکیٹو آفیسر پرتھو داس گپتا نے ریپبلک ٹی وی کے ایڈیٹر انچیف ارنب گوسوامی کو ٹی آر پی کی برتری برقرار رکھنے میں مدد دینے کے لیے اپنے عہدے کا غلط استعمال کیا۔
چارج شیٹ میں ارنب اور داس گپتا کے درمیان واٹس ایپ چیٹ کے 500 صفحات کا ڈاٹا شامل ہے۔ چیٹ کے کچھ حصوں نے سوشل میڈیا پر تہلکہ مچا دیا ہے۔ چیٹ میں داس گپتا نے مبینہ طور پر ارنب کو بتایا کہ ٹی آر پی پیمائش کے طریقہ کار میں اصلاحات لانے کی نئی ٹیلی کام ریگولیٹری اتھارٹی آف انڈیا کی تجویز ’’ریپبلک ٹی وی اور بی جے پی دونوں کو نقصان پہنچا سکتی ہے۔‘‘
یہ گفتگو 25 مارچ 2019 کو کی گئی تھی، جس میں داس گپتا نے ارنب کو واٹس ایپ پر بی اے آر سی کی ایک خفیہ فائل بھیجی اور کہا کہ اس نے این بی اے کو جام کردیا ہے۔ گپتا نے ارنب سے پی ایم او سے مدد طلب کرنے کے لیے بھی کہا۔ اس کے جواب میں ارنب نے وعدہ کیا کہ ’’میں نے نوٹ کرلیا، ایسا ہی ہوگا‘‘۔ ارنب گوسوامی نے مزید کہا کہ ’’وہ آنے والے جمعرات کو وزیر اعظم سے ملاقات کر رہے ہیں۔‘‘
ایک اور چیٹ میں داس گپتا نے ارنب سے پوچھا کہ کیا وہ انھیں پی ایم او میں میڈیا ایڈوائزر کا عہدہ دلا سکتے ہیں۔
دریں اثنا بمبئی ہائی کورٹ نے ٹی آر پی گھوٹالہ معاملے میں 29 جنوری تک گوسوامی کے خلاف سخت کارروائی پر روک لگادی ہے۔