وژن 2026 نے ابوالفضل انکلیو جامعہ نگرمیں ‘کووڈ فیلڈ اسپتال’ کا افتتاح کیا
اسپتال میں علاج مع کھانا سبھی خدمات بالکل مفت ہوں گیں۔
نئی دہلی، مئی 12: ’دی اسکالراسکول’ ابوالفضل انکلیو جامعہ نگر میں آج الشفا ہاسپٹل کے تحت کرونا کے مریضوں کے علاج کے لیے ایک الگ سے ‘کووڈ فیلڈ اسپتال’ کا جماعت اسلامی ہند کے امیر سید سعادت اللہ حسینی نے افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ یہ 50 بستروں والا اسپتال یقیناً جا معہ نگر کے مکینوں کے لیے بڑی راحت کا سامان ہے۔
امیر جماعت نے کہا کہ اطمینان کی بات ہے کہ اس مشکل گھڑی میں ایسے افراد اور ادارے سامنے آئے ہیں جنھوں نے انسانیت کی خدمت کی اعلیٰ مثال پیش کی ہے۔ الشفا ہاسپٹل اس کی ایک اہم مثال بن کر سامنے آیا ہے، جو گذشتہ دوتین ہفتے سے انتہائی مشکل حا لات میں کام کر رہا ہے۔ ہمیں خوشی ہے کہ نوجوان اس کار خیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں ۔ نوجوان انسانوں کی خدمت کے لیے آگے آئیں۔
ہیومن ویلفیر ٹرسٹ کے صدر اور ‘کووڈ فیلڈ اسپتال’ کے سربراہ ٹی عارف علی نے بتایا کہ اسپتال میں 100 آکسیجن سیلینڈر، 10 آکسیجن کنسینٹریٹر، نیبولیشن سمیت خواتین اور مردوں کے لیے الگ الگ وارڈ کا نظم کیا گیا ہے۔
انھوں نے مزید بتایا کہ یہاں مریضوں کو تین وقت کا کھانا بھی دیا جائے گا، علاج کے دوران اگر کسی مریض کو دیگر اسپتال میں داخل کرانے کی ضرورت پیش آتی ہے تو آکسیجن سپورٹ کے ساتھ 24 گھنٹہ ایمبولینس سروس بھی دستیاب ہوگی ۔ ’’کووڈ فیلڈ اسپتال‘‘ کے نظم و ضبط کی مزید بہتری کے لیے ڈاکٹروں پر مشتمل 30 افراد کی ایک ٹیم تشکیل دی گئی ہے ۔
انھوں نے یقین دلایا کہ آگے چل کر حالات کے پیش نظر اگرمزید بستروں کو بڑھانے کی ضرورت پیش آتی ہے تو اسپتال انتظامیہ اس پر بھی غور کرے گی ۔ ٹی عارف علی نے مزید بتایا کہ اس اسپتال میں علاج اور کھانے سمیت سبھی خدمات بالکل مفت ہوں گی۔
معلوم ہو کہ فی الوقت الشفا ہاسپٹل میں کرونا کے مریضوں کے علاج کے لیے 40 بیڈ کی سہولت ICU اور وینٹی لیٹرکے ساتھ دستیاب ہے ۔ واضح ہوکہ وژن 2026 کا یہ ‘کووڈ فیلڈ اسپتال’ آسٹر ڈی ایم ہیلتھ کیئر کے اشتراک سے ممکن ہو سکا ہے ۔ آسٹر کے والنٹیرس اس کے لیے کام کر رہے ہیں۔