وزیر اعظم کی وزراے اعلیٰ سے ملاقات: دو ریاستوں کے علاوہ تمام ریاستیں لاک ڈاؤن اٹھانے کے حق میں
نئی دہلی، اپریل 27: وزیر اعظم نریندر مودی نے آج مختلف ریاستوں کے وزرائے اعلی کے ساتھ کوویڈ 19 لاک ڈاؤن پر ویڈیو کانفرنس کے ذریعے ملاقات کی اور ان پابندیوں کو کم کرنے پر ان کی تجاویز طلب کیں۔ میگھالیہ اور ہماچل پردیش کے علاوہ دیگر تمام ریاستیں کوویڈ 19 لاک ڈاؤن کو اٹھانے کے حق میں تھیں۔
اس میٹنگ میں تمام وزرائے اعلیٰ موجود تھے، لیکن وقت کی پابندی کی وجہ سے ان میں سے صرف 9 وزراے اعلی کو وزیر اعظم سے بات کرنے کا موقع مل سکا۔
بات کرنے والوں میں میگھالیہ، میزورم، پڈوچیری، اتراکھنڈ، ہماچل پردیش، اوڈیشہ، بہار، گجرات اور ہریانہ کے وزراے اعلی شامل تھے۔ دوسرے وزرائے اعلیٰ سے بھی کہا گیا کہ وہ اپنی گذارشات تحریری طور پر بھیجیں۔
سب سے پہلے تقریر کرنے والے میگھالیہ کے وزیر اعلی کونراڈ سنگما نے کہا کہ ریاست 3 مئی سے آگے بھی لاک ڈاؤن کے ساتھ بین ریاستی اور بین ضلعی نقل و حرکت پر پابندی جاری رکھے گی۔ تاہم میڈیکل ایمرجنسی کی وجہ سے ضروری خدمات اور سفر کی اجازت ہوگی۔
پڈوچیری کے وزیر اعلی وی نارائن سامی نے ریاست کے صحت کی دیکھ بھال کرنے والے اہلکاروں کو ذاتی حفاظتی سازوسامان (پی پی ای) اور دیگر طبی سامان فراہم کرنے کے لیے مرکز سے مداخلت کی گزارش کی۔ انھوں نے 3 مئی کو لاک ڈاؤن ختم ہونے پر صنعتیں شروع کرنے پر بھی آمادگی کا اظہار کیا اور کوویڈ 19 سے لڑنے کے لیے حکومت ہند سے مالی مدد طلب کی۔
اتراکھنڈ کے وزیر اعلی تریوندر سنگھ راوت نے کہا کہ تمام احتیاطی تدابیر پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے کاروباری اور تجارتی سرگرمیاں مرحلہ وار انداز میں شروع ہونی چاہئیں۔ ہمیں حالات کو معمول پر رکھتے ہوئے لوگوں کی زندگی آسان کرنے کی طرف دیکھنا چاہیے۔ اقتصادی بحالی آگے بڑھنے کی کلید ہے۔
انھوں نے یہ بھی کہا کہ اتراکھنڈ، جو سیاحت اور زیارت کا علاقہ ہے، لاک ڈاؤن سے بہت متاثر ہوا ہے۔
ہماچل پردیش کے وزیر اعلی جے رام ٹھاکر نے کہا کہ ریاستی حکومت اب اقتصادی سرگرمیاں شروع کرنے کی پوزیشن میں ہے۔ تاہم اس معاملے پر دیگر ریاستوں کے ساتھ بھی لاک ڈاؤن پر غور کرنا جاری رکھنا چاہیے۔
مرکزی وزیر صحت ہرش وردھن نے اتوار کے روز کہا تھا کہ ملک میں 300 اضلاع بیماریوں سے پاک ہیں اور مزید 297 اضلاع میں ہاٹ اسپاٹس یا ایسے علاقے نہیں ہیں، جن میں پانچ سے زیادہ کیسز ہوں۔ انھوں نے کہا تھا کہ ملک کے صرف 127 اضلاع میں کوویڈ 19 ریڈ زون ہیں۔
مرکزی وزیر صحت نے کہا تھا کہ اس سے یہ اشارہ ملتا ہے کہ یہ بیماری بڑی حد تک ہاٹ سپاٹس پر مشتمل ہے۔