وزیر اعظم مودی نے شاہین باغ اور جامعہ کو ”انارکی” قرار دیتے ہوئے ان کے خاتمے کے لیے بی جے پی کو ووٹ دینے کا مطالبہ کیا
نئی دہلی، فروری 3: بی جے پی کے وزیر انوراگ ٹھاکر اور ممبر پارلیمنٹ پرویش صاحب سنگھ ورما کے "نفرت انگیز تقاریر” کا تنازعہ ابھی تک ختم بھی نہیں ہوا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے پیر کے روز ایک انتخابی تقریر میں شہریت ترمیمی قانون مخالف مظاہروں ”انارکی” قرار دیا۔
مشرقی دہلی کے کرکرڈوما میں دہلی اسمبلی انتخابات میں اپنی پارٹی کے امیدواروں کے حق میں انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ شاہین باغ اور جامعہ میں جو کچھ ہو رہا ہے وہ "انارکی” ہے اور لوگوں سے کہا کہ "بی جے پی امیدواروں کو اس کے خاتمے کے لیے ووٹ دیں”۔
8 فروری کو ہونے والے دہلی اسمبلی انتخابات کے لیے یہ مودی کی پہلی انتخابی تقریر تھی۔ انتخابات کے نتائج کا اعلان 11 فروری کو کیا جائے گا۔
وزیر اعظم نے کہا "چاہے یہ سیلم پور ہو، جامعہ ہو یا شاہین باغ، سی اے اے کے خلاف متعدد احتجاج ہوچکے ہیں۔ کیا آپ کو لگتا ہے کہ یہ احتجاج ایک اتفاق ہے؟ ایسا نہیں ہے. یہ سب سیاست سے جڑا ہوا ایک تجربہ ہے۔ اگر یہ محض کسی قانون کے بارے میں ہوتا تو یہ ختم ہوجاتا۔”
شاہین باغ کے بارے میں انھوں نے کہا "اگر ان کا گیم پلان بند نہیں کیا گیا تو وہ کل کسی اور سڑک یا گلی کو روکیں گے۔ ہم ان کو انتشار پھیلانے نہیں دے سکتے۔ آپ ووٹ ڈالنے کی طاقت رکھتے ہیں۔”
واضح رہے کہ شاہین باغ میں خواتین مظاہرین نے 15 دسمبر سے نوئیڈا دہلی روڈ بلاک کردی ہے۔ وہ سی اے اے سے دستبرداری کا مطالبہ کررہی ہیں اور اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ جب تک مرکزی حکومت سی اے اے کو ختم نہیں کرتی تب تک وہ احتجاج جاری رکھیں گی۔
مودی نے اے اے پی اور کانگریس پر مظاہروں کی سازش کرنے کا الزام لگایا۔
انھوں نے کہا کہ "آئین اور قومی پرچم کے پیچھے چھپ کر وہ لیکچر دے رہے ہیں۔”