مختصر مختصر: سی بی آئی نے فوج کے متعدد افسران کے خلاف مبینہ بدعنوانی کا مقدمہ درج کیا، دیگر اہم خبریں

  1. آرمی میں بھرتی گھوٹالے کے سلسلے میں سی بی آئی نے 17 آرمی اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے اور 30 مقامات پر چھاپے مارے ہیں۔ ایجنسی کی تلاش پنجاب، دہلی، ہریانہ، آسام، اتر پردیش، راجستھان اور آندھرا پردیش کے 13 شہروں میں ہوئی۔
  2. بٹلہ ہاؤس انکاؤنٹر کیس میں عریض خان کو سزائے موت سنائی گئی۔ عدالت نے عریض پر 11 لاکھ روپے کا جرمانہ بھی عائد کیا، جس میں سے 10 لاکھ روپے مقتول انسپکٹر موہن چند شرما کے اہل خانہ کو دیے جائیں گے۔
  3. بیجنگ کا کواڈ اجلاس سے متعلق کہنا ہے کہ ’’کچھ ممالک چینی خطرہ کو بڑھا چڑھا کر پیش کرتے ہیں، سرد جنگ کی ذہنیت کو ترک کریں۔‘‘ چین نے کہا کہ ممالک کے مابین ہونے والی بات چیت میں تیسرے فریق کو نشانہ بنانے کے بجائے باہمی افہام و تفہیم کو بہتر بنانے پر توجہ دینی چاہیے۔
  4. وزیر خارجہ نے ہندوستان میں جمہوریت پر سوال اٹھانے والی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ’’ایسے حملوں کی حد ہوگئی ہے۔‘‘ حال ہی میں اقوام متحد کے ایک کونسل کی رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ نریندر مودی حکومت کے تحت ہندوستان میں سیاسی حقوق اور شہری آزادیاں کم ہوئی ہیں۔
  5. کیرالہ ہائی کورٹ نے ایک تاریخی فیصلہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ٹرانس جینڈر افراد ’’خودساختہ صنفی شناخت‘‘ کی بنیاد پر این سی سی میں شامل ہوسکتے ہیں۔ ہائی کورٹ نے حکومت کو چھ ماہ کے اندر این سی سی ایکٹ میں تبدیلی کرنے کی ہدایت کی۔
  6. مرکز نے پارلیمنٹ کو بتایا ہے کہ گذشتہ دو سال میں دو ہزار روپے کے نوٹ نہیں چھاپے گئے ہیں۔ حکومت نے 8 نومبر 2016 کو پرانے 500 اور 1000 روپے کے نوٹ پر پابندی عائد کرنے کے بعد 2 ہزار روپے کے نوٹ متعارف کروائے تھے۔
  7. مرکز نے ججوں کو پہلے ویکسین دینے کی درخواست کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ امتیازی سلوک ہوگا۔ دہلی ہائی کورٹ میں زیر التوا ایسے ہی معاملات کو سپریم کورٹ میں منتقل کرنے کے لیے بھارت بایوٹیک اور سیرم انسٹی ٹیوٹ نے درخواستیں دائر کی ہیں۔