نیوز کلک کے ابھیسار شرماسمیت متعدد سینئرصحافیوں  کے گھروں  پر دہلی پولیس کا چھاپہ  

نئی دہلی،03اکتوبر :۔

3 اکتوبر منگل کی صبح  دہلی پولیس کی اسپیشل سیل کافی متحرک نظر آئی ۔نیوز پورٹل “نیوز کلک”سے وابستہ ابھیسارشرما سمیت  متعدد سینئر  صحافیوں کے گھروں پر چھاپہ مارا۔ یہ کارروائی نیوز پورٹل پر چین سے فنڈنگ حاصل کرنے کے الزامات کے سلسلے میں کی گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق  صحافی ابھیسار شرما نے خود ٹویٹ کرکے کارروائی کی اطلاع دی ہے۔معلومات کے مطابق، پولیس نے سنجے راجورا، بھاشا سنگھ، ارملیش، پربیر پورکایستھ، ابھیسار شرما، آنندیو چکرورتی اور سہیل ہاشمی کے گھروں پر چھاپہ مارا۔ ان کے فون اور لیپ ٹاپ ضبط کر لیے گئے ۔ دہلی پولیس نے صحافیوں کے خلاف غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام) ایکٹ یعنی یو اے پی اے کے تحت کیس درج کیا ہے  ۔

دی کوئنٹ کی رپورٹ کے مطابق بتایا جا رہا ہے کہ اسپیشل سیل کی کئی ٹیموں نے منگل کی صبح دہلی ،نوئیڈا اور غازی آباد میں  صحافیوں کے گھروں سمیت تقریباً 30 مقامات پر بیک وقت چھاپے مارے۔

چھاپے کے دوران دہلی پولیس کے اسپیشل سیل نے لیپ ٹاپ اور موبائل فون جیسے کئی الیکٹرانک ثبوت ضبط کیے ہیں۔ اس کے علاوہ ہارڈ ڈسک کا ڈیٹا بھی لیا گیا ہے۔ کئی فائلیں بھی قبضے میں لے لی گئی ہیں۔ ۔ دہلی پولیس کی اس کارروائی کے بعد صحافی ابھیسار شرما نے سوشل میڈیا پر پوسٹ کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ دہلی پولیس نے ان کے گھر سے ان کا لیپ ٹاپ اور فون لے لیا ہے۔

اطلاع کے مطابق کاررروائی کے دوران اسپیشل سیل کے 100 سے زیادہ پولیس اہلکار شامل ہیں۔ چھاپے کے دوران اسپیشل سیل کے ساتھ پیرا ملٹری فورس کے اہلکار بھی موجود تھے۔

واضح رہے کہ نیوز کلک پر چین سے غیر قانونی فنڈنگ حاصل کرنے کے الزام ہے ،اسی سلسلے میں آج دہلی کی اسپیشل سیل کی ٹیم نے ای ڈی کی رہنمائی کے بعد چھاپے ماری کی کارروائی کی ہے ۔