نوح تشدد:مسلمانوں کے بائیکاٹ معاملہ میں پنچایتوں کو نوٹس دینے والے افسر عمران رضا کا تبادلہ

 

نئی دہلی،20 اگست :۔

ہریانہ کے نوح میں تشدد کے بعد ہندو شدت پسند تنظیموں کی جانب سے بڑے پیمانے پر مہاپنچایتوں کا اہتمام کر کے مسلمانوں کے اقتصادی بائیکاٹ کا معاملہ سامنے آیا تھا۔متعدد گاؤں کے پنچایتوں نے اپنے اپنے علاقے میں مسلمانوں سے نہ کوئی سامان خریدنے اور نہ ہی فروخت کرنے کی اپیل کی تھی۔پنچایتوں کی اس اشتعال انگیزی پر تنقید کی گئی تھی اور حکومت کی جانب سے کارروائی نہ کرنے پر سوال اٹھائے گئے تھے ۔اس سلسلے میں ریواڑی سے ڈپٹی کمشنر عمران رضا نے ان تمام پنچایتوں کو نوٹس جاری کیاتھا جنہوں نے بائیکاٹ کی اپیل کی تھی ۔اب خبر آ رہی ہے کہ ہریانہ حکومت نے محمد عمران رضا کا تبادلہ کر دیا ہے ۔

رپورٹ کے مطابق  ہریانہ حکومت نے ہفتہ 19 اگست کو 16 آئی اے ایس افسران کا تبادلہ کیا ہے۔ سات اضلاع کے ڈپٹی کمشنر اور کچھ اضلاع کے میونسپل کمشنر اس ردوبدل میں شامل ہیں۔ ٹرانسفر کیے گئے اہلکاروں میں ریواڑی کے ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) محمد عمران رضا بھی شامل ہیں ۔ دی کوئنٹ کے مطابق عمران رضا نے اپریل میں ریواڑی کے ڈی سی کا عہدہ سنبھالا تھا۔ اب ان کا تبادلہ جندکے ڈپٹی کمشنر کے عہدے پر کر دیا گیا ۔

ریاستی حکومت نے کہا کہ یہ آئی اے ایس اور ہریانہ سول سروسز (ایچ سی ایس) افسران کی "معمول کی ٹرانسفر/ پوسٹنگ” ہے۔ ہریانہ کے چیف سکریٹری سنجیو کوشل نے 19 اگست بروز ہفتہ تبادلے کے احکامات جاری کیے ہیں۔

دی کوئنٹ نے آگے کہا کہ عمران رضا کے علاوہ، سشیل سروان کو پنچکولہ کے ڈی سی اور پنچکولہ میں شری ماتا منسا دیوی شرائن بورڈ کے چیف ایڈمنسٹریٹر کے طور پر تعینات کیا گیا ہے۔ منوج کمار کو ڈی سی، یمنا نگر تعینات کیا گیا ہے۔ ڈی سی چرخی دادری سے مندیپ کور؛ منوج کمار بطور ڈی سی سونی پت، راہول ہوڈا ڈی سی ریواڑی۔ اور پرشانت پنوار کو ڈی سی، فتح آباد مقرر کیا گیا ہے۔