ناصر اورجنید قتل کے دو ملزم دو ماہ بعداترا کھنڈسے گرفتار
راجستھان کے بھرت پور ضلع کے رہنے والے ناصر (25) اور جنید (35) کی بری طرح سے جلی ہوئی لاشیں 16 جنوری کو ہریانہ کے بھیوانی ضلع میں ایک جلی ہوئی گاڑی سے ملی تھیں جنہیں گؤ اسمگلنگ کے الزام میں نام نہاد گؤ رکشکوں نے زندہ جلا دیا تھا۔
جے پور/ بھرت پور، 14 اپریل
گؤ کشی کے نام پر گزشتہ دو ماہ قبل گوپال گڑھ تھانہ علاقے کے گھاٹمیکا گاؤں کے دو نوجوانوں کو ایک بولیرو کے ساتھ اغوا کرنے اور انہیں بھیوانی ضلع کے لوہارو تھانہ علاقے میں جلا کر بہیمانہ طریقے سے قتل کر دیا گیا تھا ۔اس معاملے میں تقریباً دو ماہ سے فرار چل رہے دو ملزمین کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے ۔ اطلاع کے مطابق بھیوانی کے رہنے والے نریندر کمار عرف مونو رانا اور مونو عرف گوگی کو پولیس نے دہرہ دون کی دور دراز پہاڑی علاقوں سے گرفتار کیا ہے ۔
آئی جی رینج گورو سریواستو نے بتایا کہ 16 فروری کو گھاٹمیکا گاؤں کے رہنے والے اسماعیل میو نے گوپال گڑھ پولیس اسٹیشن میں جنید اور ناصر کے اغوا کی رپورٹ درج کرائی تھی۔ نام نہاد گؤ رکشکوں نے دونوں نوجوانوں کو بولیرو سمیت اغوا کر لیا تھا اور انہیں ہریانہ کے بھیوانی ضلع کے لوہارو تھانہ علاقے میں دونوں نوجوانوں کو بولیرو کے ساتھ جلا کر ہلاک کر دیا تھا۔ بعد ازاں پولیس کو گاڑی سے ناصر اور جنید کے جسم کے ڈھانچے ملے تھے۔ اس معاملے میں کارروائی کرتے ہوئے، پولیس نے 17 فروری کو فیروز پور جھرکہ کے رہنے والے ملزم رنکو سینی کو گرفتار کر لیاتھا۔ جسے 13 دن کی تحویل میں پوچھ گچھ کے بعد جیل بھیج دیا گیا۔
آئی جی سریواستو نے بتایا کہ ناصراور جنید قتل کیس میں انیل پرجاپت ساکنہ تھانہ نگینہ ضلع نوح میوات، مونو رانا عرف نریندر ساکنہ تھانہ انڈسٹریل ایریا ضلع بھیوانی، گوگی عرف مونو ساکنہ تھانہ سٹی بھیوانی، کالو عرف کرشنا جاٹ ساکنہ تھانہ نگینہ کو گرفتار کیا گیا ہے۔ پولیس اسٹیشن صدر ضلع کیتھل کے ساکن وکاس آریہ، تھانہ سول لائنز ضلع جند کے رہنے والے کشور سین، تھانہ گھرونڈا ضلع کرنال، ششی کانت ساکن تھانہ مونک ضلع کرنال اور سری کانت ساکن تھانہ نگینہ ضلع نوح میوات کو اشتہاری قرار دیا تھا۔پہلے دونوں ملزمین پر 5-5 ہزار روپے کا انعام تھا جسے بڑھا کر 10-10 ہزار کر دیا گیا۔
ایس پی شیام سنگھ نے بتایا کہ ناصر-جنید کو گاؤں پیروکا جوتری سے اغوا کیا گیاتھا اور نوگاوانہ، منڈ کہ سرحد، فیروز پور جھرکہ، تیجارا، تپوکڈا، خوش کھیڑا، باول، مہندر گڑھ، چرخی دادری ہوتے ہوئے لوہارو تھانہ علاقے کے گاؤں بارباس کی بنی میں لے جایا گیا۔ جہاں ملزمین نے بولیرو سمیت دونوں کو زندہ جلا دیا تھا۔ ٹیم نے ٹول بوتھ، سی سی ٹی وی فوٹیج اور روٹ چارٹ میں آنے والے تکنیکی شواہد اکٹھے کئے۔
ملزمین کی گرفتاری کے لئے پولیس نے ٹیم کی تشکیل کر کے تلاشی شروع کی ،ملک کی مختلف ریاستوں میں مختلف مقامات پر چھپے ماری کی گئی ۔دریں اثنا پولیس نے تراکھنڈ میں ہریدوار، رشی کیش، شیو پوری اور دہرادون میں ملزمان کے مشتبہ ٹھکانے، گروکل، گوشالا وغیرہ پر چھاپے مارے ، حلیہ بدل کر پولیس نے ملزم کی تلاشی لی گئی۔
اس دوران پولیس کی خصوصی ٹیم کو اطلاع ملی کہ ملزم دہرادون کے وکاس نگر تھانہ کے بٹوہی گاؤں کے پہاڑوں میں چھپے ہوئے ہیں، شرپسندوں کی نقل و حرکت کی اطلاع ملنے پر انسپکٹر منوج رانا کی قیادت میں ٹیم نے چھاپہ مار کر مطلوب ملزم مونو عرف گوگی کو گرفتار کر لیا۔ اور نریندر عرف مونو رانا کو دور دراز کے پہاڑی علاقے سے حراست میں لیا گیا ۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں یوپی میں عتیق احمد کے بیٹے اسد احمد کے انکاؤنٹر کے بعد اے آئی ایم آئی ایم کے صدر اسد الدین اویسی نے پر زور طریقے سے آواز اٹھائی تھی کہ ناصر اور جنید کے قاتلوں کا بھی انکاؤنٹر کریں گے ۔