نئے زرعی قوانین: کسانوں کی فیصلہ کن ملاقات سے قبل مرکزی وزرا نے وزیر اعظم مودی سے ملاقات کی

نئی دہلی، 5 دسمبر: دی ٹربیون کی خبر کے مطابق آج دوپہر 2 بجے کسانوں کے ساتھ اہم ملاقات سے قبل مرکزی وزیر زراعت نریندر سنگھ تومر اور وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ سمیت اعلیٰ مرکزی وزرا، وزیر اعظم نریندر مودی سے ان تجاویز پر تبادلۂ خیال کر رہے ہیں جو وہ کسانوں کے سامنے پیش کرنے کے بارے میں سوچ رہے ہیں۔

واضح رہے کہ کسانوں کا احتجاج اور ان کے مطالبات دن بدن بڑھتے ہی جارہے ہیں اور اب اس تحریک کی طوالت نے حکومت کے لیے نئے خدشات کو جنم دیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آج کی میٹنگ فیصلہ کن ہونے والی ہے اور وزرا کا وزیر اعظم سے ملنا اس بات کی طرف اشارہ ہے کہ وہ اس معاملے کو جلد از جلد حل کرنا چاہتے ہیں۔

حکومت کو اس تحریک کو طویل کرنے اور اسے صرف پنجاب کی آواز بتانے پر تنقید کا سامنا ہے۔

دریں اثنا کسان تنظیموں نے 8 دسمبر کو ’’بھارت بند‘‘ کا مطالبہ کیا ہے۔ کسانوں نے آج وزیر اعظم نریندر مودی اور کارپوریٹ گھرانوں کے پتلے نذر آتش کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔

آج کی میٹنگ س متعلق ہریانہ، اترپردیش، راجستھان، تلنگانہ/ آندھرا پردیش اور بنگال کے کسان رہنماؤں نے مشترکہ طور پر فیصلہ کیا ہے کہ وہ اس میٹنگ میں جائیں گے لیکن وہ اس سے کم پر راضی نہیں ہوں گے کہ مرکز تینوں قوانین کو منسوخ کرنے کا یقین دلائے اور ملک بھر کی تمام 23 فصلوں پر ایم ایس پی کی ضمانت دے۔